چینی کے ذخیرہ اندوزوں،سمگلنگ کرنیوالوں سےسختی سے نمٹنےکاحکم

چینی کے ذخیرہ اندوزوں سے آہنی ہاتھوں سےنمٹنےکاحکم
کیپشن: Order to deal with sugar hoarders with an iron hand

ایک نیوز :وزیراعظم شہبازشریف کاکہنا ہے کہ  ملک میں مصنوعی قلت پیدا کرکے چینی کی اسمگلنگ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا ۔
 وزیراعظم شہبازشریف نے  چینی کی قیمت، اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔وفاقی وزیرِ قومی غذائی تحفظ طارق بشیر چیمہ، نگران وزیرِ اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔

وزیراعظم شہبازشریف کااجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ملک میں کسی کو بھی اشیاءِ ضروریہ بالخصوص چینی کی قیمت بڑھا کر ناجائز منافع خوری کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔اجلاس کو چینی کی موجودہ ایکس مل قیمت، وزارتِ غذائی تحفظ کی جانب سے اعدادو شمار کے بعد لگائی گئی لاگت کے تخمینہ اور چینی کے ملک میں موجودہ اسٹاکس کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ذخیرہ اندوزوں کے خلاف آپریشن اور چینی کی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم نے وزارت قومی غذائی تحفظ کو چینی کی ایکس-مل پرائس کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مشاورتی عمل میں شامل کرنے کی ہدایت کی ۔

شہباز شریف نے چینی کے ذخیرہ اندوزوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی ہدایت بھی کی جبکہ اس موقع پر وزیرِ اعظم نے چینی کے پکڑے گئے سٹاکس کو صارفین کو سستے داموں فروخت کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ۔