حکومتی اتحاد اور پی ٹی آئی کے درمیان 26 اپریل کو ملاقات پر اتفاق

Apr 21, 2023 | 18:11 PM

 ایک نیوز:حکومتی اتحاد اور تحریک انصاف کے درمیان 26 اپریل کو ملاقات پر اتفاق ہوگیا۔

پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما قمر زمان کائرہ کا نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہنا تھا کہ سینیئر حکومتی رہنماؤں کا کل تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر سے رابطہ ہوا اور انہیں 26 تاریخ کو ملنے کا پیغام پہنچایا گیا۔ملاقات کے پیغام پر اسد قیصر نے جواب دیا کہ ہم اس معاملے پر اکٹھے ہیں اور 26 تاریخ کو ملتے ہیں۔ 26 اپریل ہی کو اتحادی جماعتوں کا سربراہی اجلاس ہوگا اور اسی شام تحریک انصاف کے رہنماؤں سے ملاقات ہوگی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا تھا مذاکرات بھی ہوئے تو 2018 کے الیکشن سے شروع کریں گے ، آئین میں صرف نوے دن کا نہیں ، یہ بھی لکھا ہے کہ ایک دن میں الیکشن کرائیں، مذاکرات کا ایجنڈا ہم خود طے کریں گے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں ملک میں ایک ساتھ انتخابات کرانے سے متعلق درخواست پر 27 اپریل کو سماعت ہوگی اور 3 رکنی بینچ سماعت کرے گا۔

قبل ازیں حکومت کی جانب سے نامزد کردہ نمائندے سردار ایاز صادق، خواجہ سعد رفیق و دیگر رہنماؤں نے سابق اسپیکر اسد قیصر سے رابطہ کیا اور کہا کہ ہم آپ سے باضابطہ بات چیت کے لیے رابطہ کررہے ہیں۔

اسد قیصر نے حکومتی نمائندوں کے رابطے سے متعلق پیش رفت سے پارٹی سیکرٹری جنرل اسد عمر کو آگاہ کردیا۔

اسد عمر نے اس سلسلے میں کہا کہ رابطہ اچھی بات ہے، حکومتی نمائندے سپریم کورٹ میں دورانِ سماعت اِس پیش رفت سے آگاہ کردیں۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی اور حکومتی نمائندوں کی ملاقات کب ہوگی، اس سلسلے میں تاحال حتمی طور پر کچھ طے نہیں ہوسکا ۔ حکومتی اتحاد نے ابھی تک پی ٹی آئی قیادت سے ملاقات کے لیے دن اور وقت طے نہیں کیا۔

مزیدخبریں