مسافروں سےزائد کرایہ لینے والے ٹرانسپورٹرز کی شامت آگئی

Apr 21, 2023 | 11:02 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: عید الفطر کے موقع پر اپنے آبائی علاقوں میں جانے والے مسافروں سے زائد کرایہ لینے والے ٹرانسپورٹروں کو لینے سے دینے پڑگئے۔

تفصیلات کے مطابق اپنوں میں عید منانے کیلئے جانے والے پردیسیوں سے زائد کرایہ وصول کرنے پر انتظامیہ حرکت میں آگئی۔موٹروے پر زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے ان پر جرمانے عائد کردیئے گئے۔ڈسٹرکٹ سیکریٹری ریجنل ٹرانسپورٹ، ڈی سی اور موٹر وے پولیس نے مورو ٹول پلازہ پر کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے بسوں کی چیکنگ کی۔اس دوران مسافروں سے زائد کرایہ کی مد میں لی گئی ایک لاکھ سے زائد کی رقم انہیں واپس کی گئی،زائد کرایہ وصولی پربسوں پر55ہزار روپے سے زائد جرمانے عائد کئے گئے۔

ڈپٹی کمشنرشاہ زیب کا کہنا ہے کہ زائد کرایہ لینے والے ٹرانسپورٹرز کیخلاف کارروائیاں عید الفطر کے بعد بھی جاری رہیں گی۔

واضح رہے کہ دو روز قبل نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے عیدالفطر کے موقع پر مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائی کا حکم دیا تھا ان کا کہنا تھا کہ مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے، زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف بلا تفریق ایکشن لیا جائے۔

مزیدخبریں