وزیراعظم عمران خان نے بالی ووڈ فلم کا کلپ پوسٹ کر کے ڈیلیٹ کر دیا

وزیراعظم عمران خان نے بالی ووڈ فلم کا کلپ پوسٹ کر کے ڈیلیٹ کر دیا
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے انسٹاگرام پر بالی ووڈ فلم کا کلپ پوسٹ کر کے ڈیلیٹ کر دیا ۔ ویڈیو کلپ میں سیاست میں اپوزیشن کے کردار پر بات کی گئی تھی ۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے انسٹا گرام اکاؤنٹ سے 1984 میں ریلیز ہونے والی امیتابھ بچن کی فلم ’انقلاب‘ کا ایک کلپ پوسٹ کیا گیا جس میں مرحوم اداکار قادر خان پارٹی اجلاس کی صدارت کررہے ہیں۔یہ کلپ ایک منٹ 58 سیکنڈ پر مشتمل تھا اور اس کے ساتھ لکھا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف پہلے دن سے کرپٹ مافیاز یہی سازشیں کررہے ہیں۔



کلپ میں قادر خان کہتے ہیں کہ ’ہمیں عوام کا اعتماد حاصل کرنے کیلئے حکومت سے عوام کا اعتماد ہٹانا ہوگا جس کیلئے ایسا ماحول پیدا کرنا ہوگا لوگ اس سرکار کو نکمی، ناکارہ اور بیکار سمجھ کر کسی اور پارٹی کو کرسی پر بٹھانے پر مجبور ہوجائیں‘۔یہ پوسٹ 4 گھنٹے بعد وزیراعظم کے آفیشل اکاؤنٹ سے ڈیلیٹ کردی گئی ہے جبکہ اس کو 2 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا گیا تھا۔