لڑکیوں کو خود مختار ہونے سے پہلے شادی کر لینی چاہیے، صبا فیصل

Sep 20, 2024 | 16:37 PM

ویب ڈیسک: پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف و سینئر اداکارہ صبا فیصل نے کہا ہے کہ لڑکیوں کو سمجھدار ہونے کے بعد لیکن خود مختار ہونے سے پہلے شادی کر لینی چاہیے۔

حال ہی میں اداکارہ صبا فیصل نے ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی بہوؤں سے تعلقات اور بطور ساس ماضی کی غلطیوں سمیت مختلف امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

صبا فیصل نے کہا کہ میں اپنی دونوں بہوؤں سے پیار کرتی ہوں، میں نیہا اور نیشا دونوں کے ساتھ تصاویر پوسٹ کرتی ہوں، دراصل میری چھوٹی بہو کو مداح بہت پسند کرتے ہیں، شاید اس کے حجاب کے انداز یا اس کے نرم بولنے کی وجہ سے، اس کی تصاویر ہمیشہ وائرل ہوتی رہتی ہیں۔

ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے غیر شادی شدہ لڑکیوں کو مشورہ دیا کہ انہیں صحیح عمر میں شادی کر لینی چاہیے، میں 20 سال کی عمر میں شادی کے حق میں نہیں لیکن شادی کے لیے 30 برس کی عمر بھی بہت زیادہ ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ میں کوئی دقیانوسی بات نہیں کر رہی بلکہ اپنے تجربے کی روشنی میں کہہ رہی ہوں کہ آج کے دور میں 25 برس کی عمر میں لڑکی کی شادی ہو جانی چاہیے کیونکہ اس وقت تک لڑکیاں سمجھ دار ہو جاتی ہیں لیکن 30 سال یا اس کے بعد جب لڑکیوں کا ذہن پختہ ہو جاتا اور وہ خود مختار اور آزاد ہو جاتی ہیں تو ان کی سوچ یہ ہوتی ہے کہ انہیں کسی ساتھی کی ضرورت نہیں ہے جو کہ غلط ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس عمر میں لڑکیوں کی سمجھوتہ کرنے کی عادت ختم ہو جاتی ہے جبکہ کسی بھی رشتے کا انحصار سمجھوتے پر ہی ہوتا ہے۔ 

مزیدخبریں