ایک نیوز :آذربائیجان کی جانب سے متنازع علاقے نگورنو کاراباخ میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے ایک ہی دن بعد آرمینیائی مسلح فورسز نے سرنڈر کر تے ہوئے سیز فائرپررضامندی ظاہر کردی۔
روئٹرز کے مطابق آذربائیجان کے الگ ہونے والے علاقے نگورنو کاراباخ میں آرمینیائی علیحدگی پسند فورسز نے بدھ کے روز ہتھیار ڈال دیے اور جنگ بندی پر رضامندی ظاہر کر دی، باکو کی جانب سے اپنے علاقے پر مکمل کنٹرول بحال کرنے کے لیے گزشتہ روز ہی مسلح کارروائی شروع کی گئی تھی۔
آذربائیجان کے فوجی آپریشن میں 27 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے، 7 آذری فوجی بھی مارے گئے، آذربائیجان کی فوج نے 60 جنگی پوسٹوں پر کنٹرول حاصل کیا، 20 فوجی گاڑیاں، 40 توپ خانے، طیارہ شکن میزائل سسٹم اور 6 الیکٹرانک وار فیئر اسٹیشن تباہ کر دیے۔
آذربائیجان حکام نے وارننگ دی تھی کہ آرمینیائی علیحدگی پسند ہوش میں آ جائیں، ان کے پاس اب کوئی راستہ نہیں، غیر قانونی حکومت ختم کر کے ہتھیار ڈال دیں اور سفید جھنڈا لہرا دیں۔ آذربائیجان کی فوج کی طرف سے کارروائی شروع کرنے کے چوبیس گھنٹے بعد ہی نسلی آرمینیائی افواج نے جنگ بندی کے لیے روسی شرائط پر اتفاق کر لیا۔
کاراباخ افواج نے جو اہم مطالبات تسلیم کیے ہیں ان میں سے ایک مکمل طور پر غیر مسلح ہونا بھی ہے۔