پی ایس ایل 9 کے دبئی منتقلی کے اشارے ملنے لگے

پی ایس ایل 9 کے دبئی منتقلی کے اشارے ملنے لگے
کیپشن: There are indications that PSL 9 will be shifted to Dubai

ایک نیوز : پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کے نویں  ایڈیشن کے دوسرے ملک منتقل ہونے کے اشارے ملنے لگے ہیں۔

ذرا ئع کے مطابق  پی ایس ایل گورننگ کونسل کا اہم اجلاس 25 ستمبر کو طلب  کرلیا گیا ہے ،اجلاس فرنچائزز کے بے حد اصرار پر بلایا جا رہا ہے۔  پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف کی سربراہی میں یہ پہلا اجلاس ہو گا۔

ذرائع کے مطابق فرنچائز آنرز پی ایس ایل کے معاملات سست روی کا شکار ہونے کی وجہ سے نالاں  ہیں جبکہ  پی ایس ایل 8 کا حساب کتاب بھی نہ دینے پر فرنچائزز  ناخوش ہیں۔  پی ایس ایل ہیڈ کی تقرری کے لیے پی ایس ایل مالکان سے صلاح مشورہ نہیں کیا گیا جبکہ  پی ایس ایل کی ونڈو فروری مارچ میں ہے، تاریخوں کے لیے بھی فرنچائزز سے رابطہ نہیں کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق یو اے ای اور جنوبی افریقا  کی لیگز کی وجہ سے پی ایس ایل فرنچائزز مشکلات کا شکار  ہیں جبکہ غیر ملکی کرکٹرز کی دوسری لیگز کے ساتھ رجسٹریشن کی وجہ سے فرنچائزز پریشان ہیں۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ  پی ایس ایل 9 کے وینیو کی تبدیلی کے بھی پی سی بی سے اشارے ملنے لگے  ہیں، پی سی بی متوقع الیکشن اور مقامی انتظامی اخراجات کی وجہ سے پی ایس ایل دبئی میں کرانے کا سوچ رہا  ہے تاہم فرنچائزز پی ایس ایل کے وینیو کی تبدیلی کے حق میں نہیں ہیں۔

ذرائع کے مطابق فرنچائزز مالکان کا مؤقف ہے کہ پی ایس ایل کو بہت مشکل سے پاکستان لائے، اب دوبارہ باہر لے جانا نقصان دہ ہو گا،  پی ایس ایل کے بڑے بڑے معاہدے ہونا ہیں جو کہ ایک چیلنج ہے۔