ہردیپ سنگھ نیجر کے قتل پر سکھ کمیونٹی سراپا احتجاج

Sep 20, 2023 | 19:07 PM

ایک نیوز: کینیڈا میں خالصتان ریاست کے حامی لیڈر ہردیپ سنگھ نیجر کے قتل پر سکھ کمیونٹی کی جانب سے لاہور اور پشاور میں احتجاجی مظاہرے  کئے گئے۔

 سکھ کمیونٹی نے ہردیپ سنگھ نیجر کے قتل کیخلاف لاہورپریس کلب کے باہر مظاہرہ کیا جس میں سکھوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔سکھ کمیونٹی کی جانب سے بھارت کیخلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔سکھ مظاہرین کی جانب سے  بھارت کی جارحانہ پالیسی، اقلیتوں کے حقوق کی پامالی کے خلاف شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔

 سابقہ پارلیمانی سیکرٹری برائے انسانی حقوق مہندر پال سنگھ کاصحافیوں سے گفتگو میں کہنا تھاکہ آج کے احتجاج کا مقصد ہندوستان کی دہشتگردی کیخلاف ایکشن کا مطالبہ ہے۔ ہردیپ سنگھ خالصتان کے لیڈر بعد میں لیکن انسانی حقوق کی بات پہلے کرتے تھے پوری دنیا سے مطالبہ کرتا ہوں کہ جسٹس جوڈو کی طرح عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہیے۔ سکھوں کی ٹارگٹ کلنگ کے پیچھے ہمیشہ سے ہندوستان کا ہاتھ رہا ہے ۔ پاکستان کی ریاست سے مطالبہ ہے کہ ہماری آواز عالمی دنیا میں اٹھائی جائے سکھوں کا قتل عام کیا جاتا ہے۔ ہمیں عالمی عدالتوں میں جانا چاہیے دہشتگرد ہندوستان کو آج ایکسپوز کرنے کا وقت آچکا ہے اگر آج ہم ایسا نہیں کرتے تو اپنے سمیت شہیدوں کے ساتھ زیادتی ہوگی۔

 سابق ایم پی اے سردار رمیش سنگھ اروڑا  کا کہنا تھاکہ تمام سکھ برادری کی جانب سے ہردیپ سنگھ کی شہادت کی پرزور مذمت کرتے ہیں ۔جسٹس جوڈو نے پارلیمنٹ میں کھڑے ہو کر اعلان کیا اور اس حادثے سے پردہ اٹھا دیا ۔بھارت پاکستان کی سرزمین پر کبھی افغانستان کے راستے آتا ہے تو کبھی بلوچستان کو استعمال کرتا ہے۔ بھارت نے پاکستان کو آئسولیٹ کرنے کیلئے بڑے بڑے تھنک ٹینک استعمال کیے ۔سکھوں کے ساتھ لمبے عرصے سے ظلم ہو رہا ہے بھارت میں سکھ قوم کے اوپر ظلم ڈھائے جا رہے ہیں۔ بھارت میں نوجوانوں کو شہید کیا گیا اور عورتوں کی عصمت دری کی گئی۔

 سردار رمیش سنگھ اروڑا کامزید کہنا تھاکہ  بھارت سے جان بچا کر بہت سارے سکھ دوسرے ممالک جا کر بسنے لگے ہیں۔بھارت دنیا کے اندر دہشتگردی کی مثال بن رہا ہے۔ بھارت میں اقلیتی محفوظ نہیں ہیں سکھ مطالبہ کرتے ہیں کہ اس وقت ہیومن رائٹس کمیشن کو سامنے آنا چاہیے ۔ کینیڈا کی ریاست سے مطالبہ کرتے ہیں قانون کے مطابق مجرموں کو سزا دی جائے ۔بھارت کے سہولت کار دنیا میں ہر جگہ موجود ہیں سکھ کمیونٹی غیر محفوظ ہے۔

پشاور میں سکھ کمیونٹی کی جانب سے  ہردیپ سنگھ نیجر  کے قتل کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیاگیا جس میں سکھ کیمونٹی کی جانب سے بھارت کیخلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔سکھ مظاہرین نے کینیڈا کی حکومت سے ہردیپ سنگھ کے قاتلوں کو کیفرکردار تک پہنچانے کا مطالبہ کردیا۔

مظاہرین کاکہنا تھاکہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی ناقابل برداشت ہے،خطے کا امن داؤ پر لگا ہے۔

مزیدخبریں