ایک نیوز: ارشدشریف قتل کیس میں نئی پیشرفت سامنے آگئی۔ ٹرائل کورٹ نے گواہان کی عدم پیشی اور عدم دلچسپی کے باعث کارروائی روکتے ہوئے فائل ریکارڈ روم بھیج دی گئی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ نے گزشتہ سماعت کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ جس میں لکھا ہے کہ 16 مارچ کوارشدشریف قتل کیس میں عدالت کو پینل کوڈ سیکشن512 کا چالان موصول ہوا، 5 اپریل کو بیانات ریکارڈ کروانے کے لیے عدالت نے گواہان کو طلبی کا نوٹس بھیجا، متعدد بار بیانات ریکارڈ کرنے کے لیے گواہان کو طلب کیاگیا لیکن کوئی پیش نہ ہوا۔
ارشدشریف قتل کیس میں گواہان کی بیان ریکارڈ کروانے میں دلچسپی نہیں، پندہ مرتبہ پراسیکیوشن کو ثبوت جمع کروانےکا موقع دیاگیا، گزشتہ سماعت پر پراسیکیوشن کو نوٹس دیاکہ کیوں نہ فائل ریکارڈ روم بھیج دی جائے۔
پراسیکیوٹر کے مطابق پرائیویٹ اور سرکاری گواہان بیانات ریکارڈ کروانے عدالت نہیں آرہے، صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ارشدشریف قتل کیس کی کارروائی روک دی جاتی ہے۔
گواہوں کی پیشی کو دیکھتے ہوئے پراسیکیوشن نئی تاریخ کے لیے درخواست دائر کر سکتی ہے۔ آئندہ احکامات تک ارشدشریف قتل کیس کی فائل کو ریکارڈ روم بھیج دیا جاتاہے۔