چیک پوسٹ پر بارودسےبھرالوڈر رکشہ پکڑاگیا،ڈرائیورگرفتار،خطرناک منصوبہ ناکام

Sep 20, 2023 | 14:14 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: تحصیل باڑہ نالہ خوڑمیں چنگچی لوڈر سے بھاری مقدار میں بارودی مواد برآمد ہوا جسے ناکارہ بنا دیا گیا ہے، جب کہ لوڈر کے ڈرائیور کو گرفتارکرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کی تحصیل باڑہ نالہ خوڑ میں سیکیورٹی فورسز نے چنگچی لوڈر سے بارودی مواد برآمد کرکے چنگچی ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔

ڈی پی او سلیم عباس کے مطابق باڑہ میں ملک دین خیل نالہ میں سیکیورٹی فورسز نے چنگچی کے مشکوک ڈرائیور کو روکا اور چیکنگ میں چنگچی لوڈر میں نصب بارودی مواد برآمد ہوا۔ سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا، جس نے موقع پر پہنچ کر بارودی مواد کو ناکارہ بنا دیا۔

ڈی پی او کے مطابق رکشہ ڈرائیور نے چنگچی میں بارودی مواد نصب کرکے گھاس سے چھپا رکھا تھا، جسے ممکنہ طور پر خودکش حملے کے لیے استعمال کیا جانا تھا، تاہم سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے تخریب کاری کا یہ منصوبہ باکام بنا دیا گیا۔

ڈی پی او کے مطابق ممکنہ خودکش حملہ آور رکشہ ڈرائیور کو گرفتار کرکے بارودی مواد اور رکشے سمیت فرنٹیئر کور حکام کے حوالے کردیا گیا ہے، اور دہشت گرد سے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔

مزیدخبریں