انٹیلیجنس بیورو کے اعلیٰ حکام اپنے ہی ادارے کیخلاف عدالت پہنچ گئے

Sep 20, 2023 | 13:10 PM

ایک نیوز: ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل انٹیلیجنس بیورو نے اپنے ہی ادارے کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق انٹیلیجنس بیورو میں دیگر اداروں سے غیر قانونی طور پر ڈیپیوٹیشن پر آئے ملازمین کا معاملہ، انٹیلیجنس بیورو کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل کا اپنے ہی ادارے کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔ 

ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ارشد علی خان نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔ جس میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ غیر قانونی ڈیپیوٹیشن پر آئے ملازمین کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلہ پر عملدرآمد کرایا جائے۔ 

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ آئی بی نے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بڑی تعداد میں ملازمین ڈیپوٹیشن پر بھرتی کیے، سال 2013 میں سپریم کورٹ نے کیڈر پوسٹ پر ڈیپوٹیشن کو غیر قانونی قرار دیا، سپریم کورٹ کے اس فیصلے کا اطلاق آئی بی پر بھی ہوتا ہے تاہم آج تک اس پر عملدرآمد نہیں ہوا۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ درخواست گزار نے 8 سال کے دوران متعدد بار آئی بی کو سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کی درخواستیں دیں، تاہم نہ درخواست گزار کی درخواستوں کو سنا گیا نہ ہی سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کیا گیا۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت انٹیلیجنس بیورو کو درخواست گزار کی درخواستوں پر قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کا حکم دے۔

مزیدخبریں