مائیکل جیکسن کا ہیٹ برائے فروخت

Sep 20, 2023 | 12:57 PM

 ایک نیوز : پہلی بار اپنا مشہور "مون واک "ڈانس اسٹیج پر پیش کرنے سے چند لمحے پہلے، مائیکل جیکسن نے اپنا ہیٹ سٹیج کے ایک طرف پھینک دیا تھا۔ اور اب چار دہائیوں بعد، وہی ہیٹ پیرس میں نیلامی کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔

 رپورٹ کے مطابق پیرس کے ہوٹل ڈروٹ میں ہیٹ کی نیلامی 26 ستمبر کو ہو رہی ہے۔’’ بلیک فیڈورا‘‘ ہیٹ  کی نیلامی سے 64 ہزار ڈالر سے ایک لاکھ سات ہزار ڈالر کے درمیان ملنے کی توقع ہے۔

کنگ آف پاپ نے اپنی شہرت کی بلندی پر 1983 میں موٹاؤن میں ایک ٹیلی ویژن کنسرٹ کے دوران اپنے ہٹ گانے"بلی جین" کو پیش کرتے ہوئے ہیٹ کو ایک طرف پھینک دیا تھا۔

کچھ ہی لمحوں بعد، جیکسن نے اپنا ڈانس کا وہ ’موو‘دکھایا جو ان کا ٹریڈ مارک بن گیا، یعنی -مون واک‘جس میں وہ بظاہر آسانی سے پیچھے کی طرف سرکتے ہوئے آگے چلتے دکھائی دیتے ہیں۔جو ایک ایسا دشوار انداز ہے کہ عشروں بعد بھی کوئی اسے جیکسن کی طرح نہیں کرسکا۔

آرٹپیجز گیلری کے منتظم آرتھر پیرولٹ نے کہا جب جیکسن نے اپنا ہیٹ اسٹیج پر پھینکا تو ایڈم کیلی نامی ایک شخص نے جیکسن کا ہیٹ اٹھا لیا، یہ سوچ کر کہ گلوکار کا اسٹاف اسے لینے آئے گا لیکن وہ نہیں آیا۔

ایڈم کیلی نے کئی برس تک اسے اپنے پاس رکھا لیکن اس کے بعد یہ ہیٹ پیرس تک اپنے سفر کے دوران پہلے چند پرائیویٹ کلیکٹرز کے پاس بھی رہا ۔

مائیکل جیکسن کی موت پر دنیا بھر میں اُن کے کروڑوں شائقین نے شدید دکھ اور غم کا اظہار کیا تھا۔ اُن کی موت کے بعد اُن کی موسیقی کے ریکارڈ کی فروخت میں بے پناہ اضافہ ہو گیا تھا اور مشہور امریکی رسالے ’’فوربز‘‘ نے اُنہیں موت کے بعد سب سے زیادہ منافع کمانے والے سوپر سٹار کا درجہ دیا تھا۔

مزیدخبریں