پائیدارترقی کیلئےکمزور ممالک کو وسائل فراہم کرناہوں گے،نگران وزیراعظم

Sep 20, 2023 | 11:30 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: نیویارک میں مباحثے سے خطاب میں نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے عالمی سطح پر معاشی مساوات قائم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پائیدار ترقی کیلئے کمزور ممالک کو وسائل فراہم کرنا ہوں گے۔

 تفصیلات کے مطابق جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر نیویارک میں ترقیاتی اہداف کیلئے وسائل اور سرمایہ کاری سے متعلق مباحثے سے خطاب میں نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کے پاس ترقیاتی اہداف حاصل کرنے کیلئے وسائل کی کمی ہے، قرض میں جکڑے ملکوں کیلئے لائحہ عمل تیار کرنا ہوگا۔

نگران وزیراعظم گلوبل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو اجلاس میں بھی شریک ہوئے جہاں انہوں نے کہا کہ چین کا بیلٹ اینڈ روڈ اقدام اور سی پیک پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول میں اہمیت کے حامل ہیں۔

نگران وزیراعظم نے دیرپا ترقیاتی اہداف کو کورونا، تنازعات، موسمیاتی تغیر سے پہنچنے والے نقصان پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی ترقیاتی اقدام کی مکمل حمایت کرتا ہے، عالمی ترقیاتی اقدام کے نفاذ میں حاصل کردہ سنگ میل انتہائی قابل قدر ہیں، چین کا ایک سڑک ایک راستہ اقدام اور چین پاکستان اقتصادی راہداری دیرپا ترقیاتی اہداف کے حصول میں اہم محرک ہیں۔ 

نگران وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں غذائی پیداوار، بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری، صنعتکاری، صحت اور ڈیجیٹل تقسیم کے خاتمے پر توجہ دینا ہوگی، انہوں ںے ترقیاتی عمل میں ہر سطح پر مناسب مالی وسائل کی ضرورت پر زور دیا۔ 

انوارالحق کاکڑ نے چین کے صدر کی جانب سے عالمی ترقیاتی اقدام بارے 10 ارب ڈالر کے فنڈ کے قیام کے اعلان کا خیرمقدم کرنے ہوئے کہا کہ پاکستان چین اور عالمی ترقیاتی اقدام دوستی گروپ کے ارکان سے تعاون بڑھانے کا منتظر ہے، دیرپا ترقیاتی اہداف پر عملدرآمد کے لیے اجتماعی کاوشوں کو پروان چڑھانا ہوگا۔ 

تقریب میں چین کے نائب صدر ہان ژینگ، جنرل اسمبلی صدر ڈینس فرانسس اور معززین نے شرکت کی۔ 

یاد رہے کہ عالمی ترقیاتی اقدام کی تجویز چین کے صدر شی جن پنگ نے 20 ستمبر 2022 کو دی تھی۔

مزیدخبریں