صحافی عمران ریاض کی بازیابی کیلئےآئی جی پنجاب کو آخری مہلت

Sep 20, 2023 | 10:59 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: لاہور ہائیکورٹ نے صحافی عمران ریاض کی بازیابی کیلئے آئی جی پنجاب کو 26 ستمبر تک مہلت دیتے ہوئے حکم دیا کہ یہ آخری مہلت ہے، عمران ریاض کو پیش نہ کیا تو بڑاحکم جاری کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں صحافی عمران ریاض کی بازیابی کےلئے درخواست پر سماعت ہوئی ، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ امیر بھٹی نے کیس کی سماعت کی۔آئی جی پنجاب، ایڈیشنل آئی جی، ڈی آئی جی سمیت دیگر افسران عدالت میں پیش ہوئے۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے آئی جی پنجاب سے استفسار کیا کہ عمران ریاض کدھر ہے؟ ہمارے صبر کا پیمانہ اب لبریز ہوچکا ہے،یہ عدالتی حکم کی توہین ہے۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ اُن کے موکل کا صبر بھی جواب دے چکا ہے اگر مہلت دینا ہے تو صرف 24 گھنٹے کی دیں۔

آئی جی پولیس پنجاب نے استدعا کی کہ انہیں کم از کم اتنا وقت دیا جائے کہ عدالتی حکم کی تعمیل ہوجائے۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ آئی جی صاحب 5 ماہ ہو گئے ہیں اب تک بہت وقت دیا گیا ہے۔

آئی جی پولیس پنجاب نے بتایا کہ ورکنگ گروپ سے درخواست گزار کی ملاقات کرائی ہے۔

عدالت نے آئی جی پنجاب کی استدعا پر عمران ریاض کی بازیابی کیلئے 26 ستمبر تک مہلت دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ یہ آپ کو عمران ریاض کی بازیابی کیلئے آخری مہلت ہے، آپ نےعمران ریاض کو پیش نہ کیا تو حکم جاری کریں گے۔

مزیدخبریں