پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، 1500 لٹر مضر صحت دودھ تلف

Sep 20, 2023 | 10:40 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز:  پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں جاری ہیں، راولپنڈی کے مندرہ ٹول پلازہ پر ناکہ لگا کر 15000 لٹر دودھ کا معائنہ کرنے پر 1500 لٹر ملاوٹی مضر صحت دودھ تلف کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق جہلم میں 875 ساشے پان مصالحہ، 500 پیکٹس قلفیاں، 200 لٹر کولڈ ڈرنکس اور 108 ساشے گٹکا تلف کی گئی،موبائل فوڈ لیب کے ذریعے 06 گاڑیوں میں موجود دودھ کا تجزیہ کیا گیا۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی راجہ جہانگیر انورکا کہنا ہے کہ قواعد وضوابط کی خلاف ورزیوں پر 1 سپلائر کو جرمانہ کیا گیا ہے۔

گٹکا، پان مصالحہ اور زائد المیعاد کولڈ ڈرنکس کی فروخت پر فوڈ پوائنٹس کو جرمانے کیے گئے ہیں،پنڈ دادن خان میں غیر معیاری آئس کریم کی فروخت پر 1 یونٹ کیخلاف ایکشن لیا گیا ہے۔

ڈی جی فوڈ نے کہا کہ ملاوٹ سے پاک اشیاء کی فراہمی کیلئے کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے،شہریوں تک محفوظ خوراک کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔

خیال رہے کہ کچھ ماہ قبل پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بچوں کی اشیاء خورونوش بنانے والوں کیخلاف کریک ڈائون کیا تھا جس میں بچوں کی من پسند اشیاء خورونوش کی بھاری مقدار میں مضر صحت سپلائی کو تلف کیا تھا ۔

پنجاب بھر میں 185 یونٹس چیکنگ کے بعد بند، 45 کو جرمانے، 96 کو وارننگ نوٹسزجاری کیے گئے تھے،111 پروڈکٹس کے تفصیلی لیبارٹری تجزے کے لیے سیمپل بھی لیے گئے تھے۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی نے 3028 کلو گولیاں ٹافیاں، لالی پاپ موقع پر تلف کیے جبکہ 22 کلو کھلے رنگ اور کیمیکل برآمد بھی ہوئے تھے۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ لاہور ڈویژن میں 19، فیصل آباد 32، ساہیوال 18، گوجرانوالہ 18، سرگودھا 22، راولپنڈی 4، ملتان 25 اور مطفر گڑھ ڈویژن میں 47 یونٹس کی چیکنگ کی گئی۔

انتہائی ناقص انتظامات پر لاہورمیں ایک یونٹ کی پروڈکشن بند کی گئی تھی، بچوں کی من پسند کینٹینز کی تیاری میں کھلے رنگ اور کیمیکلز استعمال کیے جا رہے تھے۔

مزیدخبریں