ایک نیوز: اے این ایف نے منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کی 4 کاروائیوں کے دوران 67 کلوگرام سے زائد منشیات برآمدکی جبکہ 7 ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق مری میں واقع پھگواڑی بازار کے قریب مسافر وین میں سوار 2 ملزمان گرفتارکیے،ملزمان کے قبضے سے 8 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔
ولی انٹرچینج نوشہرہ کے قریب ٹرک سے 52 کلو 800 گرام چرس اور 6 کلو افیون برآمدہوئی،پشاور کا رہائشی ملزم منشیات ٹرک کے فیول ٹینک میں چھپا کر پنجاب سمگل کرنے کی کوشش کر رہا تھا،گرفتار ملزم کی نشاندہی پر اس کے سہولت کار ساتھی کوہاٹ کے رہائشی کار سوار کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
حاجی کیمپ اڈہ پشاور کے قریب موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان سے 200 نشہ آور گولیاں برآمد ہوئیں ، گرفتار ملزمان نے منشیات تعلیمی اداروں کے طلبا کو سپلائی کرنے کا اعتراف کیا۔
ملتان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر مسافر کے بیگ میں مہارت سے چھپائی گئی 750 گرام آئس برآمدہوئی، ڈیرہ غازی خان کا رہائشی ملزم بذریعہ پرواز بحرین کیلئے روانہ ہو رہا تھا۔
گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب ایف آئی اے اور حساس اداروں نے ڈالرز ذخیرہ کرنے والوں کیخلاف شکنجہ تیار کر لیا ہے، ڈالرز ذخیرہ کرنے والوں کے گھروں، دکانوں کی نشاندہی کرتے ہوئے خفیہ چھاپوں کا آغاز کر دیا ہے۔
ڈالرزکی برآمدگی کیلئے ایف آئی اے اور قانون نفاذ کرنے والے ادارے گھروں پر چھاپے ماریں گے، ایف آئی اے ایکسچینج کمپنیز ڈیٹا حاصل کر کے ڈالرز ذخیرہ اور حوالہ ہنڈی میں ملوث گروہ کو گرفتار کرے گا۔
ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کو انفارمیشن ملی ہے کہ کریک ڈاؤن کے بعد ڈالرمافیا نے گھروں میں ڈالرذخیرہ کر رکھے ہیں۔ ایف آئی اے نے غیر معمولی تعداد میں ڈالر جعع کرنے والوں کی تفصیلات اکھٹی کرنا شروع کر دی ہے۔