خاتون جج کو دھمکیاں :عمران خان کیخلاف کیس سیشن کورٹ منتقل

Sep 20, 2022 | 17:17 PM

ایک نیوز نیوز: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کیخلاف خاتون جج کو دھمکیاں دینے کا کیس انسداد دہشتگردی عدالت سے سیشن کورٹ منتقل کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کیخلاف خاتون جج کو دھمکیوں کے کیس کی سماعت ہوئی ۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن نے کیس کی سماعت کی ۔

چیئر مین تحریک انصاف کے وکیل بابر اعوان نے  دہشت گردی کی دفعات ختم کرنے سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ پڑھ کر سنایا۔بابر اعوان نے درخواست کی کہ ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق کیس سیشن جج کو منتقل کیا جائے ۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے جج نے کہا کہ ہمارے پاس چالان جمع ہی نہیں کروایا گیا، آپ کو دوبارہ ضمانت کی درخواست دینا ہوگی۔

انسداد دہشتگردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن نے کہا ہے کہ ہائی کورٹ کے آرڈرکے بعد ہمارا دائرہ اختیار نہیں بنتا۔جج راجہ جواد عباس حسن نے کہا کہ ضمانت کی درخواست واپس کرلیں تو آپ کے لیے بہتر ہوگا، اس پر وکیل بابر اعوان کا کہنا تھا کہ ہم ضمانت کی درخواست واپس نہیں لے رہے۔

وقفے کے بعد عدالت نے اسلام آباد ہائی کورٹ کےحکم کے تحت عمران خان کےخلاف کیس سیشن کورٹ  منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔

مزیدخبریں