شراب کے نشے میں دھت وزیراعلی پنجاب کو جہاز سے اتار دیا گیا 

Sep 20, 2022 | 13:06 PM

  ایک نیوز نیوز:  جرمنی میں پنجاب کے وزیراعلی بھگونت سنگھ مان کو شراب کے نشے میں دھت ہونے کے باعث جہاز سے نیچے اتار دیا گیا ۔ لفتھانسا فلائٹ چارگھنٹے تاخیر سے روانہ ہونے  پر مسافروں کا احتجاج ۔

 رپورٹ کے مطابق شرومنی اکالی دل لیڈر سکھبیر سنگھ بادل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر  ٹوئٹ کیا ہے کہ  پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان کو بہت زیادہ شراب نوشی کے سبب جرمنی میں طیارہ سے اتار دیا گیا۔ انہوں نے خبر کا تراشا بھی شئیر کیا ہے جس پر  کانگریس اور بی جے پی  نے بھی بھگونت مان کے ساتھ ساتھ دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔ 

بی جے پی لیڈر پرویش ورما نے طنزیہ انداز میں کہا ہے کہ ’’بھگونت مان نے کیجریوال سے وعدہ ہندوستان میں شراب کو ہاتھ نہیں لگانے کا کیا تھا، نہ کہ بیرون ممالک میں۔‘‘

 دوسری طرف دہلی کانگریس کے ٹوئٹر ہینڈل پر لکھا گیا ہے ’’بہت بڑی شرمندگی! پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان کو طیارہ سے اتار دیا گیا کیونکہ انھوں نے بہت زیادہ شراب پی رکھی تھی۔‘‘

حالانکہ اس پورے معاملے میں وزیر اعلیٰ دفتر کےترجمان ملوندر سنگھ کی طرف سے جو بیان آیا ہے اس میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ مان کی طبیعت خراب ہونے کے سبب ان کی ہندوستان واپسی میں تاخیر ہوئی۔ وزیر اعلیٰ مان نے 18 ستمبر کو جرمنی سے فلائٹ لی تھی اور وہ دہلی 19 ستمبر کو لوٹے۔ اپوزیشن کے ذریعہ عائد الزامات بے بنیاد اور غلط پروپیگنڈہ پر مبنی ہیں۔

 دوسری طرف ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان کو فرینکفرٹ میں لفتھانسا ایئرلائنس سے اتار دیا گیا تھا۔ ایئرلائنس نے یہ قدم اس لیے اٹھایا کیونکہ وزیر اعلیٰ مان نے اتنی شراب پی رکھی تھی کہ وہ کھڑے بھی نہیں ہو پا رہے تھے۔ اس وجہ سے فلائٹ چار گھنٹے لیٹ ہو گئی۔‘‘ 

طیارہ سے بھگونت مان کا سامان اتارنے میں کافی وقت لگا جس کی وجہ سے طیارہ کی پرواز میں بھی تاخیر ہوئی۔  جب لفتھانسا ایئرلائنس سے  موقف لینے  کے لیے رابطہ کیا گیا تو کمپنی نے ڈیٹا پروٹیکشن کا حوالہ دیتے ہوئے کوئی بھی  معلومات  دینے سے انکار کر دیا۔

مزیدخبریں