نیوزی لینڈ میں اتنی فورس نہیں جتنی ہم نے انہیں سیکورٹی دی: شیخ رشید

Sep 20, 2021 | 15:17 PM

admin
اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ میں اتنی فورس نہیں جتنی ہم نے ان کو سیکیورٹی دی، سیکیورٹی دینا ہمارا فرض تھا۔فائیو نیشن اس وقت کہاں تھی جب نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم یہاں پریکٹس کررہی تھی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ نیوز ی لینڈ کی ٹیم کی واپسی کا الزام اپوزیشن والے ہمیں دے رہے ہیں، شیشے کے گھر میں بیٹھ کر وزارت داخلہ یا شیخ رشید پر پتھر نہ گرائیں، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ہوا کہ کابینہ نے نیوزی لینڈ کی ٹیم کو آرمی کی سیکیورٹی مہیا کی جو کہ وزارت داخلہ کا نہیں بلکہ کابینہ کا متفقہ فیصلہ تھا،اتنی نیوزی لینڈ میں فورسز نہیں ہوں گی جتنی ہم نے سیکیورٹی مہیا کی، یہ ہماری ذمہ داری تھی، پاکستان میں سری لنکا سمیت دیگر ٹیمیں بھی کھیلنے آئی ہیں ایساکوئی واقعہ نہیں پیش آیا۔

انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ والوں نے یکطرفہ فیصلہ کیا ہے جس پر پوری قوم کو افسوس ہے،قوم کو کہوں گا یہ مایوسی کفر ہے، ایک دن آئے گا جب سب ٹیمیں پاکستان کھیلنے آئیں گی۔فائیو نیشن اس وقت کہاں تھی جب نیو زی لینڈ کی کرکٹ ٹیم یہاں پریکٹس کررہی تھی، دنیا کے ہائی پروفائل کے سیکیورٹی ایکسپرٹس پاکستان کا دورہ کررہے تھے ۔ہمیں کسی ایجنسی کی ضرورت نہیں ہے ، ہماری پاکستان کی ایجنسیاں دنیا کی سب سے بہتر ین ہیں، نیوزی لینڈ ٹیم کو تھریٹس کے حوالے سے دی جانے والی ای میلز میچ منسوخ ہونے کے بعد ملی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستا ن کا اس خطے کے اندر ایک اہم رول ہے، پاکستان اس خطے کی چرچل پوسٹ پر بیٹھا ہوا ہے،اور گردو نواح میں سپرپاورز کے ساتھ ہمارے بارڈرز لگتے ہیں، ہم یہ واضح کرنا چاہتے ہیں ہم پاکستا ن کی بہتری ، ترقی اور سلامتی کے لئے اپنی تمام کوششوں کا استعمال کریں گے، بھارت پچھلے ایک مہینے سے افغانستان میں سکبی کے بعد پروپیگنڈے کررہا ہے ، پاکستان ساری دنیا سے بہتر تعلقات رکھنا چاہتا ہے۔ ہم سے جو سلوک کیا جارہا ہے ہم اس کے مستحق نہیں ہیں، ہم نے امن کے لئے قربانیاں دی ہیں جنہیں تسلیم کرنا چاہئے۔
مزیدخبریں