وزیرِاعظم کی قوم کو 26 ویں آئینی ترمیم کی کابینہ سے منظوری پر مبارکباد

Oct 20, 2024 | 15:13 PM

ایک نیوز: آئینی ترمیم کی منظوری کےمعاملے پر وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وزیرِ قانون و انصاف نے 26 ویں آئینی ترمیم پر دوبارہ تفصیلی بریفنگ دی، وفاقی کابینہ نے حکومتی اتحادی جماعتوں بشمول پاکستان پیپلز پارٹی کا 26 ویں آئینی ترمیم کا مجوزہ مسودہ منظور کر لیا، پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور ملکی حالات کی بہتری کیلئے کابینہ نے بہترین فیصلہ کیا.

وزیرِاعظم نے پوری قوم کو 26 ویں آئینی ترمیم کی کابینہ سے منظوری پر مبارکباد دی، وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ کابینہ نے ملکی ترقی اور عوامی فلاح کے حلف کی پاسداری کرتے ہوئے ملکی وسیع تر مفاد میں فیصلہ کیا، اللہ کے فضل و کرم سے ملکی معیشت کے استحکام کے بعد ملک کے آئینی استحکام اور قانون کی حکمرانی کیلئے ایک سنگ میل عبور ہوا.

وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا کہ عوام سے کئے گئے اپنے وعدے کے مطابق ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کیلئے محنت جاری رکھیں گے،وزیرِ اعظم نے اتحادی جماعتوں کے سربراہاں کا خصوصی شکریہ ادا کیا، وزیرِ اعظم نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وزیرِداخلہ محسن رضا نقوی، مشیرِ وزیرِ اعظم رانا ثناء اللہ اور وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کی کوششوں کو سراہا.

اس سے قبل چھبیسویں آئینی ترمیم کی منظوری کے معاملے پر حکمران اتحاد کا ایوان صدرمیں اہم اجلاس ہوا، وزیراعظم شہباز شریف کی ایوان صدر آمد ہوئی،بلاول بھٹو زرداری بھی ایوان صدر میں موجودتھے ۔

مزیدخبریں