پی ٹی آئی آئینی ترمیمی بل کے حق میں ووٹ نہیں دیگی:بیرسٹر گوہر

پی ٹی آئی اس آئینی ترمیم بل کے حق میں ووٹ نہیں دیگی:بیرسٹر گوہر
کیپشن: PTI will not vote in favor of this constitutional amendment bill: Barrister Gauhar

ایک نیوز:پاکستان تحریک انصاف نے آئینی ترمیم کو متنازع اور غیر شفاف قرار دیتے ہوئے اس کا حصہ نہ بننے اور ووٹنگ کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کردیا۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہرنے کہا کہ پی ٹی آئی اس آئینی ترمیم بل کے حق میں ووٹ نہیں دے گی ،ہمارا ساتھ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ رہے گا آج پاکستان تحریک انصاف ووٹ نہیں دے گی۔

دوسری جانب مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر ہم نے کالے سانپ کا ذہر نکال دیا ہے اور دانت توڑ دیے ہیں اس ترمیم میں ووٹ نہ دینا پی ٹی آئی کا حق ہے، ترمیم کے مسودے پر پی ٹی آئی کو اختلاف نہیں ہے، 18ویں ترمیم پاس کرتے وقت حکومت اور اپوزیشن ساتھ بیٹھی رہی، آئین قوم کا ہوتا ہے وہ اپوزیشن اور اقتدار دونوں کا ہوتا ہے ہم کسی پارٹی پر جبر نہیں کرتے۔
تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کا بیرسٹر گوہر کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں کمیٹی نے غیرشفاف اور متنازع ترین انداز میں دستور میں ترمیم کے عمل کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ کیا۔
اعلامیے کے مطابق پی ٹی آئی سینیٹ اور قومی اسمبلی دونوں ایوانوں میں آئینی ترمیم پر رائے شماری کے عمل کا مکمل بائیکاٹ کرے گی، پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ اراکین پارٹی پالیسی کے مطابق ووٹ نہ ڈالیں، ‏پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کر کے رائے شماری میں حصہ لینے والے اراکینِ قومی اسمبلی اور سینٹ کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔
عمران خان اور تحریک انصاف کے ٹکٹس پر سینٹ اور قومی اسمبلی کا حصہ بننے والے اراکین پارٹی پالیسی اور عمران خان کی ہدایت پر عمل کے پابند ہیں،تحریک انصاف کے کارکن پارٹی پالیسی سے روگردانی کرتے ہوئے سینٹ یا قومی اسمبلی میں کسی بھی انداز میں رائے شماری میں حصہ لینے والے اراکین کی رہائشگاہوں کے باہر پرامن دھرنے دیں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ان کے 2سینیٹر حکومت کو پیارے ہوگئے ہیںاور وہ دونوں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دیں گے،حکومت کو پیارے ہونے والے سینیٹرز میں سینیٹر فیصل سلیم اور زرقا تیمور شاہد شامل ہیں۔