ورلڈکپ: شاہین نے سسر شاہد آفریدی کا ریکارڈ برابر کر دیا  

Oct 20, 2023 | 22:46 PM

ایک نیوز :آئی سی سی ورلڈکپ میں پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے اپنے سسر اور سابق کپتان شاہد آفریدی کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے ان ہی کا ایک ریکارڈ برابر کر دیا۔

جمعہ کو آسٹریلیا نے ورلڈکپ میچ میں پاکستان کے خلاف رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا، کینگروز نے بابر اعظم کی دعوت پر بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 367 رنز بنائے۔آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر نے 163 اور مچل مارش نے 121 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

 آسٹریلیا کے ٹاپ آرڈر کے آؤٹ ہوتے ہی پاکستانی بولرز نے کم بیک کیا، ایک وقت پر جو ٹوٹل 400 بنتا نظر آرہا تھا وہ مسلسل وکٹیں گرنے کی وجہ سے 367 پر رک گیا۔ پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 10 اوورز میں 54 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

شاہین آفریدی ورلڈکپ ٹورنامنٹ میں دو بار 5 وکٹیں لینے والے   پاکستان کے دوسرے بولر بن گئے ہیں۔ اس سے قبل شاہد آفریدی ورلڈکپ میں پاکستان کی جانب سے سب زیادہ 2 بار 5 وکٹیں لے چکے ہیں۔ 

 آسٹریلیا کے خلاف میچ سے قبل شاہین نے 2019 کے ورلڈکپ میں بنگلادیش کے خلاف 6 وکٹیں حاصل کی تھیں، جبکہ شاہد آفریدی نے 2011 کےو رلڈکپ میں 2 بار5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

واضح رہے کہ شاہین شاہ اور سابق کپتان شاہد آفریدی کی بیٹی انشا آفریدی رواں سال رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔

مزیدخبریں