لاہور: ن لیگ کا گریٹراقبال پارک میں جلسہ، ٹریفک ایڈوائزری جاری

Oct 21, 2023 | 11:04 AM

ایک نیوز: ن لیگ کی جانب سے گریٹر اقبال پارک میں جلسہ کے حوالے سے ٹریفک ایڈوائزری پلان جاری کردیا گیا ہے۔ ٹریفک پولیس کیجانب سے شہریوں کی سہولت اور شرکاء جلسہ کی آگاہی کیلئے ایڈوائزری پلان جاری کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق شہر کے داخلی و خارجی راستوں، گریٹراقبال پارک کے گردونواح میں ٹریفک کا پہیہ رواں رکھنے کےلئے اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے۔ ڈویژنل افسران کی نگرانی میں 15 سو سے زائد وارڈنز تعینات ہوں گے۔ شرکاء جلسہ کی گاڑیوں کی پارکنگ کےلئے 16 مخصوص پارکنگ پوائنٹس مختص کیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ بڑی گاڑیوں پر آنے والے شرکاء کےلئے 03 ڈراپ لین مختص کی گئی ہیں۔ سی ٹی او لاہور نے شرکاء جلسہ سے ٹریفک پولیس سے تعاون کی اپیل کی ہے۔ اس کے علاوہ ایمبولینسز اور ایمرجنسی گاڑیوں کےلئے ہمہ وقت راستہ کلیئر رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔

دوسرے شہروں سے آرہے کارکنان کو کون سا روٹ لینا ہوگا؟

ٹریفک پلان کے مطابق:

1- گجرات،گوجرانوالہ، کامونکی، مریدکے، جی ٹی روڈ سے آنے والے والے شرکاء، کالا شاہ کاکو اے براستہ ایسٹرن بائی پاس، رنگ روڈ، جلسہ گاہ تک پہنچیں گے۔ 

2- سرگودھا، فیصل آباد، موٹروے سے آنے والے شرکاء براستہ سگیاں، رنگ روڈ،  نیازی شہید جلسہ گاہ تک پہنچیں گے۔

3- اوکاڑہ، ساہیوال،  ملتان روڈ سے آنے والے شرکاء براستہ موٹروے بابوصابو سے بند روڈ، نیازی شہید چوک سے جلسہ گاہ پہنچیں گے۔ 

4- قصور، کاہنہ اور فیروز پور روڈ،مال روڈ سے آنے والے شرکاء براستہ کچہری چوک،  داتا دربار جلسہ گاہ پہنچیں گے۔

ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری کردہ پارکنگ پلان:

کچہری چوک سے آنے والی گاڑیاں شرکاء کو اتار کر جانب سگیاں رنگ روڈ پر پارک ہوں گی۔ 

نیازی شہید چوک سے آنے والی گاڑیاں مولانا احمد علی روڈ پر اتار کر واپس رنگ روڈ پر پارک ہوں گی۔ 

رنگ روڈ، مولانا علی احمد روڈ، لاری اڈا تا داتا نگر، داتا دربار تا پیر مکی یوٹرن سنگل لین میں پارکنگ ہوگی۔

آغاز فلائی اوور تک ٹمبر مارکیٹ، نیازی شہید چوک تک بھی سنگل لین پارکنگ ہوگی۔

دفتر محکمہ جنگلات اور لاری اڈا بس اسٹینڈ کی پارکنگ کو بھی استعمال میں لایا جائے گا۔ ریلوے اسٹیشن جانب شیرانوالہ تا گریٹر اقبال تک روڈ معمول کی ٹریفک کیلئے بند ہوگا۔ 

راستہ ایپ، راستہ ایف ایم 88.6، ہیلپ لائن 15 سے شہریوں کو لمحہ بہ لمحہ ٹریفک صورتحال سے آگاہ رکھا جائے گا۔ شہری مدد اور راہنمائی کےلئے ہمہ وقت ہیلپ لائن 15 پر کال کرسکتے ہیں۔

مزیدخبریں