وی پی این بارے بیان میں ٹائپنگ کی غلطی سے غلط فہمی ہوئی:علامہ  راغب نعیمی

Nov 20, 2024 | 17:43 PM

ویب ڈیسک: چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ راغب نعیمی نے کہا ہے کہ ہمارے وی پی این بارے بیان میں ٹائپنگ کی غلطی سے غلط فہمی ہوئی۔

تفصیلات کےمطابق  اسلامی نظریاتی کونسل کے اجلاس کے بعد چیئرمین ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے مولانا طاہر اشرفی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا کے استعمال کے حوالے سے نظریاتی کونسل کا اجلاس ہوا، سوشل میڈیا کو اسلامی تعلیمات کے فروغ، ملکی سلامتی کیلئے استعمال ہونا  چاہئے ، اسے توہین مذہب، فرقہ واریت، انتہا پسندانہ اقدامات و دیگر کیلئے استعمال نہیں کرنا  چاہئے  ۔

انہوں نے کہا کہ وی پی این یا کوئی اور ایسا سوشل میڈیا پلیٹ فارم غیر شرعی نہیں البتہ ان کے استعمال کو درست انداز میں ہونا  چاہئے  ، رجسٹرڈ وی پی این کا استعمال ہی شرعی طور پر درست ہوگا۔

علامہ راغب نعیمی کا کہنا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 19 کے تحت ہر شخص کو معلومات تک رسائی کا حق حاصل ہے، جدید ذرائع سے انکار ممکن نہیں مگر ان کا مثبت استعمال لازم ہے، جدید ذرائع پر پابندی مسائل کا حل نہیں ،البتہ مناسب متبادل ہونا چاہیے۔

چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے کہا کہ کونسل نے اس حوالے سے ماہرین سے مزید مشاورت کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، ہمارے وی پی این کے جاری کردہ بیان میں ٹائپنگ کی غلطی ہوئی اور نہیں نہ لکھنے کے سبب غلط فہمی پیدا ہوئی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلامی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ جائز مقاصد کے حصول کیلئے  سوشل میڈیا کے استعمال کو آسان بنائے اور آزادی اظہار رائے تسلیم شدہ اصول ہے اس کو بھی یقینی بنایا جائے۔

مزیدخبریں