بنوں، چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ،6خوارج ہلاک،12جوان شہید

Nov 20, 2024 | 14:16 PM

ایک نیوز:پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق خوارجی دہشتگردوں نےبنوں کے علاقے مالی خیل میں جوائنٹ چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش کی،خوارجی دہشتگردوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہواجس میں 6خوارجی ہلاک جبکہ پاک فوج کے 12جوان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ذمہ داروں کےحوالےسےعلاقے میں سینیٹائزیشن کا عمل جاری ہے، حملے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا،افواج پاکستان ملک سے دہشت گردی کی لعنت کےخاتمے کیلئے پرعزم ہے ،ہمارے بہادرجوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کوتقویت دیتی ہیں۔

شہدا میں صوبیدار عمران احمد فاروقی شہید کا تعلق ضلع گوجرانوالہ سے ہے ،حوالدار محمد جاوید اقبال شہید کا تعلق ضلع سرگودھا سے ہے ،نائیک طہماس احمد شہید کا تعلق ضلع ایبٹ آباد سے ہے ، نائیک باسط فرید شہید کا تعلق ضلع ہری پور سے ہے ،سپاہی صفدر علی شہید کا تعلق ضلع بارکھان سے ہے ،سپاہی اسد بشیرشہید کا تعلق ضلع کوہلو سے ہے ،سپاہی اعجاز حسین شہید کا تعلق ضلع ڈیرہ غازی خان سے ہے۔
 سپاہی عاطف خان شہید کا تعلق ضلع میانوالی سے ہے، سپاہی امان اللہ شہید کا تعلق ضلع کرک سے ہے، سپاہی شاہ زمان شہید کا تعلق ضلع لوئر دیر سے ہے اور انہوں نے پاک فوج میں ایک سال گزارا جبکہ انکے سوگواران میں والدین شامل ہیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع بنوں کے علاقے ملی خیل میں سیکیورٹی فورسز اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے جوانوں کی شہادت پر رنج و الم کا اظہار کیا ہے،سیکیورٹی فورسز نے 6 خوارج کو جہنم واصل کیا اور اس عمل میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
 وزیراعظم کاکہنا تھا کہ قوم کے بیٹوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیں گے، عوام کی جان و مال کو خطرے میں ڈالنے والے فتنہ الخوارج کو بہت سخت قیمت ادا کرنی پڑے گی،ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک ہماری دہشتگردوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔    

صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی  بنوں میں خوارج دہشتگردوں کے حملے میں 12 جوانوں کی شہادت پر اِظہار افسوس کیا ہے، صدر مملکت کا کہنا تھا کہ دفاع وطن میں جان کا نذرانہ پیش کرنے پر پاک فوج کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، پوری قوم مادر وطن کی سلامتی کیلئے جامِ شہادت نوش کرنے والوں کو سلام پیش کرتی ہے۔

مزیدخبریں