محسن نقوی کی سعودی نائب وزیر داخلہ سے ملاقات ،باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال 

محسن نقوی کی سعودی نائب وزیر داخلہ سے ملاقات ،باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال 
کیپشن: Mohsin Naqvi met with Saudi Deputy Interior Minister, discussed issues of mutual interest

ایک نیوز:وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے سعودی عرب کے نائب وزیر داخلہ ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیز الداود کی ملاقات ہوئی، سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاک سعودیہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا،پیرا ملٹری فورسز اور پولیس کے باہمی تبادلوں اور مشترکہ ٹریننگ کے امور پر گفتگو ہوئی،وزیرداخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد اور ریاض کو جڑواں شہر قرار دینے کی تجویزدی۔
ملاقات میں پاکستان سے بھکاریوں کو سعودی عرب بھجوانے والے مافیا کی سرکوبی پر بات چیت کی گئی،دونوں ممالک کا قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر عملدرآمد پر اتفاق ہوا، سعودی عرب میں 419 پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی کے لیے قانونی کارروائی جلد مکمل کی جائے گی۔
  محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب ہمارا برادر اسلامی ملک ہے، دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لئے ہر ممکن تعاون کریں گے ،4300 بھکاریوں کے نام ای سی ایل میں شامل کئے گئے ہیں، سعودی عرب جانے والے بھکاریوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی ہے،ایسے بھکاری مافیا کے خلاف ملک بھر میں موثر کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔
  محسن نقوی نے کہا کہ سعودی شہریوں کے لئے پاکستان آنے پر کوئی ویزا نہیں، جب چاہیں آئیں، و فا قی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کے وژن 2030 کو سراہا، موجودہ قیادت میں سعودی عرب 2030 تک معاشی، سماجی اور اقتصادی شعبوں میں اقوام عالم میں نمایاں مقام حاصل کرے گا۔
نائب وزیر داخلہ سعودی عرب کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ انتہائی قریبی تعلقات ہیں، مزید فروغ دینا چاہتے ہیں،پیرا ملٹری فورسز اور پولیس کے باہمی تبادلوں اور مشترکہ ٹریننگ کے لیے تیار ہیں۔

نائب وزیر داخلہ سعودی عرب ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ، سپشل سیکرٹری داخلہ، کمانڈنٹ فرنٹیئر کانسٹیبلر ی ، چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آبادپولیس اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد بھی اس موقع پر موجود تھے۔