کم عمر ڈرائیورز کیخلاف 2607 مقدمات درج،سیکڑوں گاڑیاں تھانوں میں بند

کم عمر ڈرائیورز کیخلاف 2607 مقدمات درج،سیکڑوں گاڑیاں تھانوں میں بند
کیپشن: کم عمر ڈرائیورز کیخلاف 2607 مقدمات درج،سیکڑوں گاڑیاں تھانوں میں بند

ایک نیوز:لاہور میں کم عمر ڈرائیورز کے خلاف ایک ہفتے میں 2607 مقدمات درج کرلیے گئے جب کہ سیکڑوں گاڑیاں تھانوں میں بند کردی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق کم عمر اور بغیر لائسنس ڈرائیورز کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن جاری ہے، لاہور میں ایک ہفتے کے دوران کم عمر ڈرائیونگ پر 2607 اور بغیر لائسنس پر 901 مقدمات کیے جا چکے ہیں۔

حکام کے مطابق کم عمر بچوں کے ساتھ انہیں گاڑی اور موٹر سائیکل دینے والوں کےخلاف بھی مقدمات درج کروائے گئے ہیں۔

سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ شہر میں 30 لائسنس دفاتر، 10 موبائل وینز اور 03 سینٹرز 24 گھنٹے کھلے ہیں، والدین 18 سال سے کم عمر بچوں کو ہر گز گاڑی یا موٹر سائیکل نہ چلانے دیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں لاہور کے ڈیفنس فیز 7 میں ایک ہی خاندان کے افراد تیز رفتار ڈرائیور کی غفلت کی بھینٹ چڑھ گئے تھے، دو گاڑیوں میں 6 افراد سوار تھے جن کو کم عمر ڈرائیور کی گاڑی نے ٹکر ماری جس سے جاں بحق ہوئے۔

پولیس نے17 سالہ ڈرائیور افنان شفقت کو گرفتار کر کے تھانہ ڈیفنس سی میں مقدمہ درج کرتے ہوئے گاڑی تحویل میں لے لی تھی، حکام کا کہنا تھا کہ ملزم افنان بغیر لائسنس گاڑی چلا رہا تھا۔

واقعہ رونما ہونے کے بعد نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے بغیر لائسنس گاڑیاں اور بائیک چلانے والے کم عمر ڈرائیورز کے خلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے آئی جی پولیس، سی سی پی او لاہور اور تمام آر پی اوز کو ہدایات جاری کی تھیں۔