ویب ڈیسک: برائن جانسن نامی امریکی شہری نےدعویٰ کیا ہے کہ اس کے”سپر بلڈ“ سے اس کے والد کی عمر25 سال کم ہوگئی۔
برائن جانسن نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر)پر اپنی ایک طویل پوسٹ میں یہ انکشاف کیا ہے کہ میرے70 سالہ والد کی جسمانی عمر میں میرا ایک لیٹر پلازما حاصل کرنے کے بعد ان کی عمر25 سال کم ہوگئی ہے اور والد کی عمر میں یہ کمی تھراپی کے6 ماہ بعد بھی برقرار ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ ہماری عمر جتنی زیادہ ہوتی جاتی ہے عمر بڑھنے کی رفتار بھی اتنی ہی تیز ہوتی جاتی ہے، میرا ایک لیٹر پلازما حاصل کرنے کے بعد، میرے70 سالہ والد اب ایک45 سال کی عمر کے شخص کی عمر بڑھنے کی رفتار سے بوڑھے ہو رہے ہیں۔
واضح رہے کہ برائن جانسن 2021ء سے ہمیشہ جوان رہنے کے لیے”بلیو پرنٹ“ نامی ایک پروجیکٹ پر کام کر رہے ہیں۔
اس پروجیکٹ کے لیے وہ سالانہ20 لاکھ ڈالرز خرچ کر رہے ہیں اور ان کا دعویٰ ہے کہ وہ انسان کی عمر کو کم کرنے کے طریقے کے بہت قریب پہنچ چُکے ہیں۔