بڑھتی عمرکیساتھ ہڈیوں کومضبوط بناناممکن؟

Nov 20, 2023 | 05:14 AM

ویب ڈیسک:بڑھتی عمرکیساتھ ہڈیوں کومضبوط رکھناممکن ہوگیاہے۔
تفصیلات کےمطابق ہرچیزکی ایک معیادہوتی ہےمگرآپ اپنی ہڈیوں کوبڑھتی عمرکےساتھ مضبوط بناناچاہتےہیں توان غذاؤں اورعادتوں کواپنانےکی کوشش کریں۔
جب ہماری عمر30 سال ہوتی ہے تو ہڈیوں کا حجم عروج تک پہنچ جاتا ہے۔اس کے بعد اگر ہڈیوں کی صحت کا خیال نہ رکھا جائے تو عمر بڑھنے کے ساتھ ہڈیوں کا حجم گھٹنے لگتا ہے، جس سے ہڈیوں کی کمزوری یا دیگر مسائل کا خطرہ بڑھتا ہے۔لیکن اچھی بات یہ ہے کہ ہڈیوں کی صحت کا خیال رکھنا بہت آسان ہوتا ہے۔
درحقیقت چند عام چیزوں کا خیال رکھ کر عمر بڑھنے کے ساتھ ہڈیوں کو مضبوط رکھنا ممکن ہے۔
کیلشیئم بہت اہم ہے
یہ منرل ہڈیوں کو صحت مند رکھنے کے لیے بہت اہم ہوتا ہے۔
کیلشیئم سے ہڈیاں سخت اور موٹی ہوتی ہیں اور اگر جسم میں کیلشیم کی کمی ہو تو وہ اسے ہڈیوں سے کھینچتا ہے۔ہڈیوں میں کیلشیئم کی کمی سے وہ کمزور ہو جاتی ہیں اور فریکچر کا خطرہ بڑھتا ہے۔
کیلشیئم حاصل کیسے کریں؟
کیلشیئم کا حصول غذاؤں جیسے دہی، دودھ، چنوں اور مچھلی سے ممکن ہے۔
اسی طرح ڈاکٹر کے مشورے سے کیلشیئم کے سپلیمنٹس بھی استعمال کیے جاسکتے ہیں۔
وٹامن ڈی بھی بہت ضروری ہوتا ہے
وٹامن ڈی کیلشیئم کو جذب کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔وٹامن ڈی کے بغیر ہمارا جسم غذاؤں میں موجود کیلشیئم کو جذب نہیں کرپاتا اور ہڈیاں کمزور ہوتی ہیں۔وٹامن ڈی کی کمی ہونے پر جسم کی ہڈیاں  مضبوط بنانے سے قاصر ہو جاتی ہے۔
وٹامن ڈی کا حصول کیسے ممکن؟
سورج کی روشنی سے ہماری جِلد وٹامن ڈی کو حاصل کر سکتی ہے اور اس کے لیے روزانہ چند منٹ سورج کی روشنی میں گزارنا کافی ہے۔
اسی طرح غذاؤں جیسے مچھلی، انڈے، فورٹیفائیڈ دودھ اور سپلیمنٹس سے بھی وٹامن ڈی کو جسم کا حصہ بنایا جا سکتا ہے۔
جسمانی سرگرمیاں
ورزش کو معمول بنانے سے ہڈیوں کو بھی فائدہ ہوتا ہے۔ورزش کرنے کے عادی افراد میں عمر بڑھنے کے ساتھ ہڈیوں کا حجم گھٹتا نہیں۔اسی طرح ورزش کرنے سے مسلز بنتے ہیں جس سے جسمانی توازن بہتر ہوتا ہے اور گرنے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
بہترین ورزشیں کونسی ہیں؟
وزن اٹھانے والی ورزشیں، جاگنگ، پش اپس، تیز چہل قدمی، رقص اور سیڑھیاں چڑھنے جیسی ورزشیں ہڈیوں کے لیے فائدہ مند ہوتی ہیں۔
ان ورزشوں سے مخصوص حصوں کی ہڈیاں مضبوط ہوتی ہیں جیسے جاگنگ سے ٹانگوں اور پیروں کی ہڈیاں مضبوط ہوتی ہیں۔
اسی طرح وزن اٹھانے سے ہاتھوں کی ہڈیوں کو فائدہ ہوتا ہے۔
تمباکو نوشی سے گریز کریں
تمباکو نوشی سے متعدد امراض کا خطرہ بڑھتا ہے اور ہڈیوں کی صحت بھی اس عادت سے متاثر ہوتی ہے۔
تمباکو میں موجود نکوٹین اور دیگر کیمیکلز سے ہڈیاں بنانے والے خلیات بننے کا عمل سست ہو جاتا ہے جبکہ ہڈیوں تک خون کی روانی بھی محدود ہوتی ہے۔اس کے نتیجے میں ہڈیاں کمزور ہو جاتی ہیں اور فریکچر کا خطرہ بڑھتا ہے۔
چینی بھی نقصان دہ
میٹھے مشروبات، بسکٹ اور چینی سے بنی ہر غذا کے بہت زیادہ استعمال سے ہڈیوں کو نقصان پہنچتا ہے۔
چینی کے زیادہ استعمال کے باعث پیشاب کے راستے کیلشیئم اور میگنیشم کا اخراج ہوتا ہے جس سے ہڈیاں کمزور ہوتی ہیں۔
الکحل بھی تباہ کن
الکحل کے استعمال سے بھی ہڈیوں کو نقصان پہنچتا ہے۔الکحل کے استعمال سے گرنے کا خطرہ بھی بڑھتا ہے جس سے ہڈیاں ٹوٹنے کا خطرہ بڑھتا ہے۔

مزیدخبریں