پاکستان کو داخلی اور خارجی محاذ پر متعدد مشکلات کا سامنا ہے،بلاول بھٹو

Nov 20, 2022 | 21:23 PM

ایک نیوز نیوز:وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری  کا کہنا ہے کہ آج کے بچے کل کے لیڈر ہیں۔ان کے ذہنوں کو رواداری کے ساتھ پروان چڑھانے کی ضرورت ہے۔

تفصیلات کے مطابق بچوں کے عالمی دن کے موقع پر دیے گئے پیغام میں بلاول بھٹو نے کہا کہ بچوں کو تمام مطلوبہ سہولیات فراہم کرنا حکومت اور معاشرے کی ذمہ داری ہے۔ تعلیم، صحت، صاف اور پُرامن ماحول بچوں کی صحت مند نشونما کے لیے ضروری ہیں۔وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کو داخلی اور خارجی محاذ پر متعدد مشکلات کا سامنا ضرور ہے، ہماری اولین ترجیح ہے کہ ہمارے بچوں کا مستقبل ہونا چاہیے۔

بلاول بھٹو کاکہنا تھا کہ  پولیو کے تقریباً ایک چوتھائی کیسز محض پاکستان سے رپورٹ ہو رہے تھے، شہید بینظیر بھٹو نے بطور وزیراعظم اپنے دوسرے دور حکومت میں انسداد پولیو مہم شروع کی۔  آج ہم پولیو سے پاک ملک بننے کے قریب ہیں، مساوات اور یکساں مواقع ہر بچے کے ناقابل تردید حقوق ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثر بچوں پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے، سیلاب اور بارشوں سے متاثر 33 ملین افراد میں سے ایک تہائی بچے ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ موسمیاتی تباہی کے نتیجے میں تقریباً 19 ہزار اسکولوں کو نقصان پہنچا، میں نے عالمی فورمز پر موسمیاتی انصاف کی افادیت پر زور دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم مستقبل میں موسمیاتی آفات کا شکار پوری دنیا کا مقدمہ لڑ رہے ہیں۔

 

مزیدخبریں