ایک نیوز:تحریک انصاف کے صدر چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کا پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کی رکنیت کی بحالی کا فیصلہ خوش آئند ہے۔
تفصیلات کےمطابق چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ ارکان اسمبلی کی رکنیت بحالی کا یہ عمل آگے بڑھے تو وفاق اور صوبوں میں سیاسی بحران کا پرامن حل نکل سکتا ہے۔پنجاب اور خیبر پختونخوا میں نگران حکومتیں آئینی طور پر ختم ہو چکی ہیں۔ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں غیر قانونی نگران حکومتوں کے خاتمہ کیلئے عدلیہ سے رجوع کریں گے۔
پرویز الٰہی نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کو اندر اور باہر سے توڑنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔ تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں متحدہے اور متحدرہے گی۔ پرویز الٰہی نے مزید کہا کہ عمران خان صرف پاکستان کے نہیں، عالم اسلام کے بھی مقبول ترین لیڈر ہیں۔عرب ذرائع ابلاغ اپنے جائزوں میں عمران خان کو اہل عرب کا پسندیدہ ترین لیڈر قرار دے چکے ہیں۔ عمران خان نے مغربی دنیا میں اسلام اور پاکستان کی سربلندی کیلئے سب سے زیادہ کام کیا۔ عمران خان نے ناموس رسالت ﷺ کیلئے اقوام متحدہ میں آواز بلند کی۔تحریک انصاف پر پابندی کا مطالبہ کرنے والے اسلام اور پاکستان کے ساتھ مخلص نہیں۔