میانوالی میں جلایا جانے والا طیارہ ایم ایم عالم کا تھا یا ڈمی؟ حقیقت سامنے آگئی

May 20, 2023 | 14:06 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز: احتجاج کے دوران جلایا جانے والا طیارہ درحقیقت F-6 تھا جسے میانوالی میں بطور یادگار نصب کیا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق مریم نواز شریف نے ایک ٹوئٹ میں یہ دعویٰ کیا کہ 9 مئی کومشتعل ہجوم نے میانوالی میں ایک طیارہ نذر آتش کیا تھا جسے پاکستانی پائلٹ اور ہیرو ایم ایم عالم نے جنگ کے دوران اڑایا تھا لیکن یہ دعویٰ بالکل غلط ہے۔

دعویٰ

14 مئی کو  مریم نواز شریف نےاپنی ایک ٹوئٹ میں یہ دعویٰ کیا ہے کہ 1965ءکی جنگ کے دوران ایم ایم عالم نےجو طیارہ اڑایا تھا اسے پاکستان تحریک انصاف کے حامیوں نے 9 مئی کومیانوالی میں جلا دیا ہے۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ”جس طیارے سے ایم ایم عالم نے ایک منٹ کے اندر بھارت کے چھ جنگی جہاز مار گرائے تھے، تم اور تمھارے بلوائیوں نے قومی فخر کی اس علامت کو جلا کر راکھ کر دیا ؟ عمران تم پاکستانی کہلانے کے لائق ہو؟ تمھارا کوئی رشتہ ہے اس مٹی سے؟ کون ہو تم؟ کس نے تمھیں بھیجا ہے؟“احتجاج کے دوران جلایا جانے والا طیارہ درحقیقت F-6 تھا جسےپنجاب کے شہر میانوالی میں بطور یادگار نصب کیا گیا تھا۔

اس نیوز آرٹیکل کےشائع ہونے تک اس ٹوئٹ کو 7,000سے زائد مرتبہ ری ٹوئٹ اور 16,500مرتبہ لائک کیا گیا، جبکہ اس ٹوئٹ کو اور 3.8ملین بار دیکھا جا چکا ہے۔

حقیقت

اس حوالے سے معلومات رکھنے والے دو اعلیٰ سرکاری افسران کا کہنا ہے کہ حقیقت میں 9 مئی کے احتجاج کے دوران جلایا جانے والا طیارہ F-6 تھا، جسےمیانوالی میں ایک یادگار کے طور پر نصب کیا گیا تھاجبکہ ہمارے جنگی ہیرو ایم ایم عالم کے زیرِ استعمال اصل طیارہ کراچی میں قائم پاکستان ایئر فورس میوزیم میں رکھا گیا ہے۔

ایک سینئر سرکاری افسر  کا کہنا ہے کہ” کراچی میں پاکستان ائیر فورس کا میوزیم ہےشاہراہ فیصل کے اوپر ،تو وہ والا جہاز ایف 86 سیبر تھا ، اور وہ وہیں پہ کھڑا ہوا ہے۔ “ انہوں نے مزید کہا کہ میانوالی میں جلایا جانے والا طیارہ F-6 تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ”یہ ایک لوہے کا جہاز ہے جس کے اندر کوئی انجن نہیں ہوتا، یہ ڈمی ہوتے ہیں، خالی ہوتے ہیں، جب اسے جلایا گیا تو اس کا سرامک پینٹ تھا ، وہ جل گیا،اس کو صاف کیا گیا، اس کے اوپر دوبارہ پینٹ کیا اور وہ جہاز اب بھی اسی طرح نیا نویلا وہاں پہ دوبارہ لگا ہوا ہے۔ “

 ایک اورسینئر سرکاری آفسر کا بھی یہی کہنا تھا کہ ایم ایم عالم کے زیراستعمال طیارہ صوبہ سندھ کےدارالحکومت کراچی میں قائم پاکستان ائیر فورس میوزم میں موجود ہے۔

مزیدخبریں