ایک نیوز: تحریک انصاف کو ایک اور دھچکا،پی ٹی آئی کےمزید 3 اہم رہنما نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا اور پی ٹی آئی رہنما اجمل وزیر کے بھی پارٹی چھوڑنے کا اعلان متوقع ہے، وہ آج اہم پریس کانفرنس کریں گے۔تحریک انصاف کے اہم رہنما اجمل وزیر کی جانب سےآج پریس کانفرنس میں پارٹی سے راستے الگ کرنے کا فیصلہ سامنے آنے کا امکان ہے۔
اس سے قبل سابق صوبائی وزیر ہشام انعام اللہ نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔ ہشام انعام اللہ نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ محب وطن پاکستانی کی حیثیت سے نیوز کانفرنس کر رہا ہوں۔ عملی سیاست میں 2018 میں قدم رکھا۔ عوام کی خدمت کیلئے دہری شہریت چھوڑی، بدلے میں عزت چاہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف میں یہ سوچ کر شمولیت اختیار کی کہ یہ آخری پارٹی ہو گی، میرا صبر اور غیرت اب جواب دے چکی ہے۔ عمران خان اور پارٹی کے کچھ لیڈر ریاست کو ٹکر دینے پر اتر آئے ہیں۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے چنیوٹ سے ضلعی عہدیدار ذوالفقار علی شاہ نے بھی پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا ہے، انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد شہدا کی یادگاریں جلائی گئیں۔ لوگوں کے دل میں نفرت پیدا کی گئی۔ ملک دشمنی میرے خون میں ہی نہیں ہے، ریاست کے خلاف نہیں جاسکتا۔ تحریک انصاف کے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتا ہوں، معاشرے میں پھوٹ ڈالنے کی روایت ختم ہونی چاہئے۔