ایک نیوز: کوٹ ادو میں تیز رفتار بس نے سکول جانے والے موٹر سائیکل سوار بھائیوں کو کچل ڈالا جس پر نگران وزیر اعلی پنجاب نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ٹریفک حادثے میں 3بھائی جابحق ہوگئے ہیں۔ایک بھائی کو تشویشناک حالت میں نشتر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گیا جبکہ دو بھائی موقع پر ہی دم توڑ گئے تھے۔
ریسکیو اہلکاروں کے مطابق حادثہ تیز رفتار کے باعث پیش آیا جس سے ایک ہی خاندان کے 3چراغ بچھ گئے۔
نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے کوٹ ادو میں ٹریفک حادثے میں سکول جانے والے ایک ہی خاندان کے 3 بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔نگران وزیر اعلی محسن نقوی نے لواحقین سے دلی ہمدردی اظہار تعزیت کی ہے۔ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ غفلت کے ذمہ دار ڈرائیورکو قانون کی گرفت میں لاکر کارروائی عمل میں لائی جائے۔
نگران وزیر اعلی محسن نقوی نے المناک واقعہ کے بارے میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔