ایک نیوز: نیب نے پنجاب میں مفت آٹا اسکیم میں مبینہ بے ضابطگیوں اور کرپشن الزامات کی انکوائری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق نیب کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہےکہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اس معاملے پر تحقیقات کی درخواست کی تھی۔ کچھ روز قبل پنجاب کی نگران حکومت نے مفت آٹا اسکیم کے آڈٹ کرانےکا اعلان کیا تھا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ آڈٹ کا فیصلہ ن لیگ کے بعض رہنماؤں کے اسکیم پر الزامات اور پروپیگنڈے کے بعدکیا گیاہے۔محسن نقوی کا کہنا تھاکہ چیئرمین نیب کوبھی درخواست بھیجی ہےکہ پروگرام کی جانچ پڑتال کریں۔ آڈٹ میں کوئی بےضابطگی پائی گئی تو قانون اپنا راستہ خود اپنائےگا۔
واضح رہےکہ مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما و سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے الزام لگایا تھا کہ حکومت کی مفت آٹا اسکیم میں 20 ارب روپے سے زائد کی چوری ہوئی ہے۔