ایک نیوز: ون ڈے سیریز میں پاکستان شاہینز کو زمبابوے سلیکٹ الیون بھاری پڑ گئی، مسلسل دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑ گیا۔
رپورٹ کے مطابق زمبابوے سلیکٹ کیخلاف پہلے ون ڈے میں پاکستان شاہینز کو 24 رنز سے ناکامی ہوئی تھی، دوسرے ون ڈے میں بھی میزبان ٹیم نے 80 رنز سے فتح حاصل کرلی۔ ہرارے اسپورٹس کلب میں میزبان ٹیم کی 5 وکٹیں صرف 57 رنز پر گرگئی تھیں۔
ریان برل (47) اور کلائیو مداندے (43) نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 88 رنز کا اضافہ کیا۔ کپتان ویلنگٹن مساکیڈزا اور وکٹر نیاؤنکی زیادہ مزاحمت نہیں کرپائے، 11ویں نمبر کے بیٹر بلیسنگ موزارابانی نے صرف 24 گیندوں پر ناقابل شکست 50 رنز بنا دیے،آخری وکٹ کی شراکت میں 67 رنز کی بدولت میزبان ٹیم 236 کا مجموعہ پانے میں کامیاب ہوئی۔ عامر جمال نے 5 اور شاہنوازدھانی نے 2 شکار کیے۔
پاکستان شاہینز کا آغاز مایوس کن رہا، پہلی ہی گیند پر صائم ایوب ایل بی ڈبلیو ہوگئے، کامران غلام کوئی رن بنائے بغیر رخصت ہوئے، محمد حریرہ نے بھی 33 رنز ہی بنا سکی۔
حسین طلعت (10) اور حسیب اللہ (8) کی رخصتی کے بعد چھٹی وکٹ کی شراکت میں 73 رنز بنے۔ عمران بٹ 45 اور مبصرخان 44 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو میچ زمبابوے کی گرفت میں آگیا، بعد میں آنے والے بیٹرزمیں سے کوئی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکا، پوری ٹیم 156 پر ڈھیر ہوگئی۔ بلیسنگ موزاربانی نے 4 وکٹیں حاصل کیں، شان ولیمز اور وکٹر نیاؤنکی نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا،تیسرا ون ڈے اتوار کو کھیلا جائے گا۔