وزیر اعلیٰ پنجاب نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دیدی

May 20, 2021 | 17:23 PM

admin
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دے دی۔اس حوالے سے سرکاری ملازمین کو 25 فیصد سپیشل الاؤنس دیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے زیر صدارت سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں فرق دور کرنے کیلئے خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزرا راجہ محمد بشارت، میاں محمد اسلم اقبال، ہاشم جواں بخت، سید حسین جہانیاں گردیزی، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹری فنانس اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے 15 اور 10 فیصد سپیشل الاؤنس کی تجاویز مسترد کرتے ہوئے ہدایات جاری کی ہیں کہ سرکاری ملازمین کو 25 فیصد سپیشل الاؤنس دیا جائے۔وزیراعلیٰ کی ہدایت پر گریڈ 1 سے 19 تک 7 لاکھ 21 ہزار سے زائد صوبائی ملازمین کو سپیشل الاؤنس دیا جائے گا۔ پہلے سے سپیشل ایگزیکٹو الاؤنس لینے والے ملازمین اس سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔ آئندہ ماہ جون میں سپیشل الاؤنس تنخواہوں میں شامل کر دیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سرکاری ملازم ہمارے دست و بازو ہیں، ان کے مسائل کا احساس ہے۔ بجٹ میں بھی صوبائی ملازمین کے لئے خوشخبری ہوگی۔

مزیدخبریں