اگر جہانگیرترین کے لوگوں کو شکوہ ہے تو بتائیں: شیخ رشید

May 20, 2021 | 15:58 PM

admin
اسلام آباد: وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین سمجھدار آدمی ہیں، ان کا گروپ بجٹ میں عمران خان کو ووٹ دے گا، اگر جہانگیرترین کے لوگوں کو شکوہ ہے تو بتائیں۔


میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے ن لیگی قیادت کو بھگوڑا قرار دے دیتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں حکمران ملک میں رہنا چاہتے ہیں یہ باہر بھاگنا چاہتے ہیں، میں پھانسی پر چڑھنا پسند کروں گا لیکن ملک سے باہر نہیں جاؤں گا، حدیبیہ ریفرنس چند دنوں میں دائر کرنے جارہے ہیں، شہبازشریف 15 دن کے اندر ای سی ایل میں نام ڈالنے کے خلاف نظر ثانی اپیل کرسکتےہیں۔ ن لیگ میں دو پارٹیاں ہیں شہباز کی پارٹی میری پارٹی ہے، مریم اور ان کے والد نے اپنی جماعت کو اس مقام تک پہنچایا۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ پی ڈی ایم ختم ہوچکی ہے اور میری سب سے زیادہ ہمدردی مولانا کے ساتھ ہے، اپوزیشن اس حکومت کو اب نہیں پکڑ سکتی، عمران خان نظام کو بہتر کرنے کے ساتھ مافیاز کا مقابلہ کررہے ہیں، وزیراعظم کو کسی سے کوئی خطرہ نہیں، اور نہ ہی کوئی کوئی تحریک عدم اعتماد آرہی ہے، میرا جہانگیر ترین سے الیکشن کے بعد کوئی رابطہ نہیں لیکن اتنا جانتا ہوں کہ جہانگیر ترین بھی سمجھدار آدمی ہیں، وہ غلط قدم نہیں اٹھائیں گے اور ملک کو بحران میں مبتلا نہیں کریں گے، جہانگیر ترین گروپ بجٹ میں عمران خان کو ووٹ دے گا، وزیراعظم جلد اس بحران سے بھی جلد ہی نکل جائیں گے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ شوگراور منی لانڈرنگ کے معاملات شہزاد اکبر دیکھ رہےہیں،عمران خان اور جہانگیر ترین دونوں پارٹیاں علی ظفر ایڈووکیٹ سے مطمئن ہیں، علی ظفر کو اپنی رپورٹ دے دینی چاہیے، وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ وہ کوئی انتقامی کارروائی نہیں کررہے، اگر جہانگیرترین کے لوگوں کو شکوہ ہے تو بتائیں۔


مزیدخبریں