حکومت عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے،وزیر خارجہ اسحاق ڈار

Mar 20, 2024 | 22:30 PM

ایک نیوز :وفاقی وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ملک میں ایک عظیم معیشت بننے کی تمام صلاحیتیں موجود ہیں، موجودہ حکومت عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کے افسران سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی سفارت کاری پاکستان کو مضبوط کرے گی،پاکستان کو موجودہ حالات میں اقتصادی سفارت کاری کو ترجیح دینے کی ضرورت ہے،اس سلسلے میں بیرون ملک پاکستان کے تمام مشنز کو سرمایہ کاری کو راغب کرنے پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ  پاکستان کو قدرتی اور اعلیٰ معیار کے انسانی وسائل سے نوازا گیا ہے،  مالیاتی نظم و ضبط لانے اور بیرونی خسارے کو کم کرنے کے لیے مربوط انداز اپنایا جائے، اس وقت کی واحد ضرورت ان وسائل کا موثر انداز میں انتظام کرنا ہے، تمام اسٹیک ہولڈرز کو ملک کو اندرونی و بیرونی طور پر مضبوط کرنے کے لیے ٹیم اسپرٹ کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان مشکل وقت سے گزر رہا ہے،بین الاقوامی محاذوں پر پاکستان باہمی تعاون کے لیے شراکت داروں کے ساتھ منسلک ہے۔

مزیدخبریں