ایک نیوز: تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے آرمی چیف کے خلاف کوئی مہم نہیں چلائی، تحریک انصاف آرمی چیف کا احترام کرتی ہے۔
واضح رہے کہ آج ویڈیو لنک خطاب میں عمران خان نے بھی کہا ہے کہ تحریک انصاف کو اور فوج کو آمنا سامنا کرانے کی کوشش کی جارہی ہے، پی ڈی ایم کی پوری کوشش ہے کہ پی ٹی آئی اور فوج کو لڑوادیا جائے، یہ لوگ الیکشن تو جیت نہیں سکتے تو چاہتے ہیں پی ٹی آئی کو ختم کردیں اور یہ ممکن نہیں تو انہیں کچھ تو کرنا ہے تو یہ چاہتے ہیں فوج سے انہیں لڑادو اور فوج کو تحریک انصاف کے خلاف کردو۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فوادچودھری نے شہباز شریف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیراعظم کا بیان فوج اور عوام کے درمیان فاصلہ پیدا کرنے کی کوشش ہے، پی ٹی آئی نے آرمی چیف کے خلاف کوئی مہم نہ چلائی ہے نہ ارادہ رکھتے ہیں، تحریک انصاف آرمی چیف کا احترام کرتی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان سمجھتے ہیں فوج کمزور ہوتی ہے تو ملک کمزور ہوتا ہے، توقع ہے کہ سیاست کومعمول پر لانے میں کردارادا کریں گے۔
فواد چوہدری نے نگراں وزیراعلیٰ کو وارننگ دیتے ہوئے کہا آپ آگ سے کھیل رہے ہیں، درخواست ہے اپنے الفاظ محتاط طریقے سے استعمال کریں، اپنے بیانات میں توازن لائیں اور تشدد کی حمایت نہ کریں اورمخصوص کمیونٹی کیخلاف نفرت پھیلانا بند کردیں۔
عمران خان کے فوکل پرسن کی گرفتاری کے حوالے سے فواد چوہدری نے کہا کہ حسان نیازی کو اٹھالیا گیا جو وکیل ساتھ تھا اسے بھی اٹھالیا گیا، وکلا کو غیرقانونی طریقےسے اٹھایا جا رہا ہے، جس کی مذمت کرتے ہیں، حسان نیازی اور پی ٹی آئی کارکنوں کو فوری رہا کیا جائے۔
رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ توہین عدالت کیس میں جو آپریشنز ہورہےہیں ان پر بات ہورہی ہے، محسن نقوی کیخلاف زمان پارک میں لوٹ مار کا پرچہ کرانے جارہےہیں۔
انھوں نے بتایا کہ ظل شاہ کی شہادت کی جوڈیشل انکوائری کیلئے عدالت سے رجوع کررہےہیں، اس وقت پورے پاکستان کی نظریں اس وقت سپریم کورٹ پرہے، سپریم کورٹ سے توقع ہے آئین کو بچائیں گے اور عوام کے حقوق کا خیال کریں گے۔
رہنما پی ٹی آئی نے اعلان کیا کہ ہم محسن نقوی اور آئی جی پنجاب کیخلاف زمان پارک میں لوٹ مار کا پرچہ کروانے جا رہے ہیں، مریم نواز بھی اس میں برابر کی مجرم ہیں۔