ایک نیوز: امریکا میں ایک عجیب وغریب واقعہ پیش آیا جہاں گھر پر ہونے والی دستک ناگہانی آفت بن کر ٹوٹی۔
رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا میں گھر کے دروازہ پر دستک دینے والے مہمان نے گھرکے مالک پرحملہ کردیا۔ڈیٹونا بیچ کا رہائشی اسکاٹ ہولنگز ورتھ دستک پردروازہ کھولنے گیا تو اس کے سامنے ایک مگرمچھ آگیا جس نے بند دروازہ اپنی دُم کی مدد سے بجایا تھا۔ غیر متوقع مہمان نے دروازہ کھلتے ہی اسکاٹ کی ٹانگ دبوچ لی۔ مالک مکان کی ٹانگ پر گہرے زخم آئے لیکن اسے بچا لیا گیا۔
فلوریڈا فش اینڈ وائلڈ لائف کمیشن کو اس غیرمتوقع حملے سے متعلق کال موصول ہوئی تھی جس پر اس 2.7 میٹر لمبے مگرمچھ کو قابو کرنے کے لیے فوری طور پر ایک شکاری بھیجا گیا۔ اس دوران اسکاٹ ہولنگز ورتھ کو علاج کے لیے ہسپتال لے جایا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق مالک مکان اپنے گھر میں ٹی وی دیکھ رہا تھا جب اس نے دروازے پر دستک سنی۔اس نے بتایا کہ، ’میں نےجا کر دروازہ کھولا، بمشکل دروازے سے باہر نکلا ہی تھا تو مگرمچھ میری ٹانگ سے چمٹ گیا اور کاٹنا شروع کر دیا۔
اسکاٹ کے مطابق ، ’میرے خیال میں ،میں نے مگرمچھ کو اتنا ہی حیران کیا جتنا اس نے مجھے کیا تھا۔ حملے کے بعد میں نے اپنے آپ کو بچانے کی پوری کوشش کی۔‘
واضح رہے کہ فش اینڈ وائلڈ لائف پروٹیکشن کمیٹی اس علاقے کے رہائشیوں کو اکثر وبیشترخبردار کرتی رہتی ہے کہ مگرمچھ سے محفوظ رہیں اور تیراکی بھی صرف دن کی روشنی کے اوقات میں مخصوص جگہوں پر ہی کریں اور مچھلیوں کو کبھی کھانا نہ دیں۔