زمان پارک ہنگامہ آرائی کیس، 102 ملزمان کو جیل بھیجنے کا حکم

Mar 20, 2023 | 15:20 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز: انسداد دہشت گردی عدالت نے زمان پارک میں ہنگامہ آرائی کیس میں تحریک انصاف کے 102 ملزمان کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

رپورٹ کے مطابق زمان پارک میں ہنگامہ آرائی کے دوران پولیس پر تشدد، پولیس گاڑیوں کو جلانے اور کار سرکار میں مداخلت کرنے پر عدالت نے ملزمان کو 3 اپریل کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔پراسیکیوشن کی جانب سے استدعا کی گئی ہےکہ ملزمان سے اسلحہ، پیٹرول بم اور ڈنڈے سوٹے برآمد کیے گیے لہٰذا عدالت ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے۔

 ملزمان کی جانب سے پیش وکیل کا کہنا تھا کہ ملزمان کا اس مقدمہ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔  مقدمے میں شامل دفعات دیکھیں اور یہ ثابت ہی نہیں ہوتا جبکہ کسی بھی مضروب کا میڈیکل موجود نہیں ہے۔  ملزم دل کا مریض ہے اور کارڈیالوجی میں چیک اَپ کے لیے گیا تھ۔ ملزم کو غیر قانونی طور پر گرفتار کیا گیا ہے۔

ملزمان کے وکیل کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت میرے ملزم کو مقدمے سے ڈسچارج کرنے کا حکم دے اور ایف آئی آر میں درج مقدمے کے ملزمان کو بھی ڈسچارج کیا جائے۔ملزمان کے خلاف تھانہ ریس کورس میں مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج ہیں۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات اور اضافی نفری بھی  تعینات کی گئی ہے۔

مزیدخبریں