شاہین آفریدی بھی شاہد آفریدی کی حمایت میں بول پڑے

Mar 20, 2023 | 12:01 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز: پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی اپنے سسر شاہد آفریدی کی حمایت میں میدان میں آگئے۔

رپورٹ کے مطابق شاہد آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر خود سے منسوب عمران خان سے متعلق بیان کی تردید کی تھی اور سختی سے کہا تھا کہ انہیں اس گندی سیاست کا حصہ نہ بنایا جائے۔ جس کے بعد اب شاہین آفریدی نے بھی سابق کپتان شاہد آفریدی  کی ویڈیو پر ردعمل دیا اور کہا 'میری آپ سب سے درخواست ہے کہ صرف پاکستان کے بارے میں سوچیں، ہمیں خود کو کسی ایسے کام میں شامل نہیں کرنا چاہیے یہ ہمیں مزید تقسیم کرے'۔

فاسٹ بولر نے مزید لکھا 'ہم سب کو اپنی اپنی فیلڈز میں مثبت رہ کر پاکستان کا حق ادا کرنا ہوگا'۔'پاکستان نور ہے اور اللہ پاک اس نور کی ہمیشہ حفاظت فرمائے گا'۔

واضح رہے کہ شاہد آفریدی نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے متعلق اپنے نام سے منسوب سوشل میڈیا پر وائرل بیان کی تردید کردی تھی۔

شاہد آفریدی نے ٹوئٹر پر ویڈیو پیغام جاری کیا تھا اور  کہا تھا  کہ 'میں کل سے دیکھ رہا ہوں کہ میرے نام سے منسوب ایک بیان عمران خان کے حوالے سے چل رہا ہے، یہ بہت افسوس کی خبر ہے، جو بھی یہ کررہا ہے وہ بہت گندی سیاست کرنے کی کوشش کررہا ہے'۔

مزیدخبریں