ٹائٹل جیتنے پر لاہور قلندر کے کھلاڑیوں پر انعامات کی برسات

ٹائٹل جیتنے پر لاہور قلندر کے کھلاڑیوں پر انعامات کی برسات

ایک نیوز: لاہور قلندرز نے مسلسل دوسری بار پی ایس ایل کا ٹائٹل جیتنے کی خوشی میں پوری ٹیم پر انعامات کی بارش کر دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پی ایس ایل کے فائنل میں لاہور قلندرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو ایک رن سے شکست دی تھی اور مسلسل دوسری بار ٹرافی جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی تھی۔

لاہور قلندرز کی جیت میں شاہین شاہ آفریدی نے اہم کردار ادا کیا تھا، انہوں نے پہلے بیٹنگ میں 44 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور پھر بولنگ میں 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

 لاہور قلندرز کے سی او او ثمین رانا نے ٹرافی جیتنے پر تمام کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف سمیت ڈگ آؤٹ میں بیٹھےتمام کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں مسلسل دوسری بار ٹیم نے ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔


لاہور قلندرز کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو اپ لوڈ کی گئی ہے جس میں ثمین رانا کی جانب سے فائنل اور پورے ٹورنامنٹ میں شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کے لیے انعامات کا اعلان کیا گیا۔اس کے علاوہ ثمین رانا نے ٹیم میں شامل تمام کھلاڑیوں اور انتظامیہ کے لوگوں کے لیے بھی قلندرز سٹی میں پلاٹس کا اعلان کیا جس پر تمام کھلاڑیوں کی جانب سے خوشی کا اظہار کیا گیا۔

ثمین رانا کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی کے لیے  میچ میں بہترین پرفارمنس پر قلندرز سٹی میں ایک کنال پلاٹ اور پورے ٹورنامنٹ میں بہترین کپتانی کے لیے قلندرز سٹی میں بنگلے کا اعلان کیا۔