عمران خان کےناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی معطلی میں 24مارچ تک توسیع

Mar 20, 2023 | 13:25 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آبادکی عدالت میں عمران خان کے خلاف خاتون جج زیبا چودھری کو دھمکی دینےکےکیس میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی معطلی میں 24مارچ تک توسیع کردی گئی۔

اس سے قبل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز کورٹ اسلام آباد کی عدالت میں خاتون جج زیبا چودھری کو دھمکی دینے کے کیس کی سماعت ہوئی۔دوران سماعت سابق وزیراعظم عمران خان کے جونیئر وکیل نے استدعا کی کہ سینئر وکیل لاہور سے آرہے ہیں، سماعت میں وقفہ کیا جائے جس پر عدالتی عملے نے سماعت کے لیے 11 بجے کا وقت دے دیا۔

یاد رہےکہ گزشتہ سماعت پر ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدرگیلانی نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری معطل کردیے تھے اور انہیں آج 20 مارچ تک متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔

واضح رہے کہ خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں 13 مارچ کو سول جج ڈسٹرکٹ سیشن کورٹ رانامجاہد رحیم نے عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

عدالت نے عدم پیشی پر عمران خان کو 29 مارچ تک گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔14 مارچ کو ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدرگیلانی نے عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری 16 مارچ تک معطل کردیے تھے، 16 مارچ کو عدالت نے پھر  وارنٹ گرفتاری معطل کرتے ہوئے 20 مارچ تک متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔

مزیدخبریں