ایک نیوز:انسداد منشیات کے لئے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے اہم اقدام اٹھا لیا۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے نارکاٹکس ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے انسداد منشیات کے لیے صوبائی اینٹی نارکاٹکس ٹاسک فورس قائم کر دی، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا 19 رکنی ٹاسک فورس کے سربراہ ہونگے۔
وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ نے اس سلسلے میں باضابطہ اعلامیہ بھی جاری کردیا ہے، ٹاسک فورس کے دیگر ممبران میں متعلقہ کابینہ اراکین، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، متعلقہ انتظامی سیکرٹریز اور دیگر شامل ہیں۔
یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے گذشتہ دنوں اپنی زیر صدارت انسداد منشیات سے متعلق اجلاس میں صوبائی ٹاسک فورس قائم کرنے کا فیصلہ کیا تھا، صوبے میں منشیات کی تیاری اور سپلائی کا سدباب خصوصاً تعلیمی اداروں، ہاسٹلز اور جیلوں میں منشیات کی فراہمی کا تدارک ٹاسک فورس کی اہم ذمہ داریوں میں شامل ہے۔
ٹاسک فورس طبی اور سائنسی مقاصد کے نام پر منشیات کے غیر قانونی استعمال کو کنٹرول کرنے کے لئے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی بھی نگرانی کرے گی ، ٹاسک فورس منشیات کے عادی افراد کے علاج معالجے، بحالی اور انہیں سماجی دھارے میں شامل کرنے سے متعلق امور کی بھی نگرانی کرے گی ۔
ٹاسک فورس کا اجلاس مہینے میں کم سے کم ایک بار منعقد کیا جائے گا، ٹاسک فورس ان معاملات سے متعلق وزیر اعلیٰ کو سہ ماہی رپورٹ پیش کرے گی۔