ایک نیوز:وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کاکہنا ہے کہ اٹک میں پیش آنے والے واقعہ پر افسوس ہے، اس واقعہ پر بہت رنجیدہ اور پریشان ہوں۔
وزیر قانون کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے وکلا کے قتل کا فوری نوٹس لیتے ہوئے احکامات جاری کئے ہیں،تمام وکلا برادری متاثرہ خاندان کے غم میں برابر کی شریک ہے،اس واقعہ سے سکیورٹی کی ناکامی کا پتہ چلتا ہے،عدالت میں سکیورٹی معاملات کو مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے، کچہری کے احاطے میں اسلحہ لانے کے حوالے سے پالیسی واضح ہونی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ ملزم کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی،یہ ہمارے لئے ایک ٹیسٹ کیس ہے،آپ کو انصاف ہوتا نظر آئے گا،وکیل کبھی بھی مقدمے کے نتائج کا ذمہ دار نہیں ہوتا،یہ ایک بہیمانہ سانحہ ہے،حکومت اس معاملے میں نہایت سنجیدہ ہے۔
اعظم نذیر تارڈ نے مزید کہا کہ تمام وکلا برادری متاثرہ خاندان کے غم میں برابر کی شریک ہے، وکلا کسی بھی معاشرے میں انصاف کی فراہمی کیلئے کلیدی حیثیت رکھتے ہیں،سکیورٹی پر مامور اہلکاروں کی سائیکالوجی اسکریننگ کی جائے گی، حکومت وکلا کی آئین کے تحفظ اور جمہوریت کی بحالی کیلئے قربانیوں کو ہمیشہ احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
انکا کہنا تھا کہ حق پر لڑنے والے وکلا کو طاقت کے بل بوتے پر دبایا نہیں جا سکتا،ہر مشکل وقت میں وکلا متحد رہے اور ایک دیوار کی طرح کھڑے رہے، اٹک جیسے واقعات کی روک تھام کے لئے مزید اقدامات کرنا ہوں گے۔