ایک نیوز:وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر دورانِ عید اسیران کی اہل خانہ سے ملاقات کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے،عید کے 2دن میں 25 ہزار 213 شہریوں نے جیلوں میں اسیران سے ملاقات کی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر میں 21 ہزار 685 اسیران نے اپنے اہل خانہ سے ملاقات کی، باضابطہ ملاقات کے علاوہ قیدیوں کو آڈیو اور ویڈیو کال کی سہولت بھی فراہم کی گئی، گرمی کے پیش نظر ملاقاتی کمروں میں ائیر کنڈیشنر نصب کیے گئے تھے،پنجاب کی تمام 43 جیلوں میں عیدالاضحیٰ کی نماز ادا بھی کی گئی۔
آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیراورڈی آئی جیز سمیت تمام سپرنٹنڈنٹس نے اسیران کے ساتھ عید منائی ۔
اسیران کو ناشتے میں سوجی حلوہ، دوپہر میں چکن قورمہ اور شام کو پلاؤ دیا گیا،دوسرے روزمخیرحضرات کے تعاون سے اسیران کو کھانے میں قربانی کا گوشت فراہم کیا۔عزیز و اقارب کی جانب سے لائے گئے تحائف اور سامان بھی اسیران تک پہنچایا گیا۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب کے جیل ریفارمز ایجنڈا پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے۔