ایک نیوز: پرویز الٰہی کو کیمپ جیل میں بی کلاس کی سہولت دے دی گئی۔ بی کلاس کی سہولت کی منظوری گزشتہ روز محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پرویزالٰہی نے گزشتہ کئی روز سے بی کلاس کی منظوری کے لئے حکومت کو لکھا ہوا تھا۔ اس سے پہلے پرویز الہی کو عام قیدیوں کی بیرک میں رکھا گیا تھا۔ پرویزالٰہی عام بیرک میں بیماری کی وجہ سے شدید تکلیف میں تھے۔
ذرائع کے مطابق بی کلاس ملنے کے بعد پرویز الہی کو ائرکولر کی سہولت میسر ہوگی۔ بی کلاس میں چارپائی،ایک میز اور کرسی بھی ملی ہے جبکہ ایک مشقتی بھی فراہم کیا جائے گا۔ سابق وزیراعلیٰ کو جیل میں اخبارات اور ٹی وی کی سہولت کیساتھ تکیہ اور گدا بھی میسر ہوگا۔
پرویزالہٰی کو گھر سے کھانا بھی فراہم کیا جا سکے گا جبکہ مشقتی جیل سے راشن لیکر کھانا بنا کر دے سکے گا۔ ذرائع کے مطابق پرویزالہٰی کو جیل میں اے سی کے علاوہ نواز شریف والی تمام سہولتیں مل گئیں۔
دریں اثناء لاہور ہائیکورٹ میں پرویز الٰہی کو جیل میں بی کلاس دینے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے جیل سپرنٹینڈنٹ کے بیان پر درخواست نمٹا دی۔ جسٹس محمد وحید خان نے درخواست پر سماعت کی۔
چوہدری پرویز الٰہی کی جانب سے عامر سعید راں عدالت میں پیش ہوئے۔ وکیل نے مؤقف اپنایا کہ چوہدری پرویز الٰہی وزیر اعلی پنجاب رہ چکے ہیں، پرویز الٰہی ایک عمر رسیدہ شخص ہیں، پرویز الٰہی کو ان کے گھر والوں سے بھی ملنے نہیں دیا جا رہا، پرویز الٰہی کو قانون کے مطابق بی کلاس جیل میں رکھا جانا چاہیے۔
پرویزالہی کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ جیل حکام انہیں بی کلاس جیل میں رکھنے کا حکم دے۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پرویز الٰہی کو بی کلاس میں رکھا گیا ہے۔ پرویز الٰہی کو جیل میں ہر قسم کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔