جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس: اسد قیصر کو عدالتی ریلیف مل گیا

Jun 20, 2023 | 12:14 PM

ایک نیوز: جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس میں نئی پیشرفت سامنے آگئی۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو عدالت سے بڑا ریلیف مل گیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت میں اسدقیصر کے خلاف جوڈیشل کمپلیکس توڑپھوڑ کیس کی سماعت ہوئی۔ اسد قیصر اپنے وکیل کے ہمراہ اےٹی سی جج راجاجوادعباس کی عدالت میں پیش ہوئے۔ 

تفتیشی افسر نے عدالت کے روبرو بیان دیا کہ اسدقیصر ابھی تک شاملِ تفتیش ہی نہیں ہوئے۔ اسد قیصر کے وکیل نے کہا کہ تفتیشی افسر غلط بیانی کر رہے ہیں۔ ہمارا بیان انہیں ملا ہے یا نہیں؟ پوچھیں! اگر بیان نہیں لینا تھا تو نوٹس جاری کرکے دوبارہ بلایا جاتاہے۔

انسداد دہشتگردی عدالت کے جج نے ریمارکس دیے کہ ملزم کا اپنا بیان ریکارڈ کروانا ضروری ہے۔ اسد قیصر کے وکیل نے کہا کہ تفتیشی افسر نے دستخط کرواکر عدالت میں بیان بھی لیاتھا۔

انسداد دہشتگردی عدالت نے اسد قیصر کو کیس میں شاملِ تفتیش ہونے کی ہدایت جاری کردی۔ عدالت نے اسد قیصر کی عبوری ضمانت میں 7 جولائی تک توسیع کردی۔

مزیدخبریں